کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ لڑکی پٹھان ہےاور لڑکا سید خاندان سے تعلق رکھتا ہے، آپس کی رنجش کی بنا پر ان میں علیحدگی ہو گئی، عام طور پر پٹھانوں کا عرف یہ ہے کہ جو سامان لڑکی یا لڑکے کو سسرال والوں کی طرف سے ملتا ہے، ان کی ملکیت مقصود ہوتی ہے، ا س صورت میں لڑکی کون کون سا سامان اپنے ساتھ واپس لائی گی، وضاحت اور تفصیل سے جواب عنایت فرمائیں، کیونکہ ان کی شادی کی بنیاد پر ان کا فیصلہ کیا جائے گا۔
صورت مسئولہ میں سسرال والوں کی طرف سے جو سامان لڑکی کو دیا گیا، اگر لڑکی کو مذکورہ کُل سامان کا مالک بنایا تھا، تو اب وہ سامان لڑکی کا ہے اور اگر مالک نہیں بنایا، بلکہ مستعاراً (استعمال کے لیے فقط) دیا تھا، تو وہ سامان لڑکی کا نہیں ہے، لیکن اگر عرف میں وہ سامان لڑکی کی ملکیت سمجھا جاتا ہے، تو اب وہ سامان لڑکی کا ہو گا۔فقط۔واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب۔
دارالافتاء جامعہ فاروقیہ کراچی
فتویٰ نمبر:04/115