دورانِ نماز موبائل بند کرنا

Darul Ifta mix

دورانِ نماز موبائل بند کرنا

سوال

بہت سے لوگ مسجد میں آنے کے بعد بھی موبائل فون بند نہیں کرتے اور دوران نماز اس کی گھنٹی بجنے لگتی ہے، جس میں اکثر موسیقی ہوتی ہے۔ کیا ایسے موقع پر موبائل کو نماز کے دوران ہی دیکھ کر بند کیاجاسکتا ہے؟ کیوں کہ اگر اسے یوں ہی بجنے دیا جائے تو پوری مسجد کے نمازیوں کی نماز میں خلل واقع ہوتا ہے ۔ اگر موبائل کو دوران نماز بند کرنے سے نماز فاسد ہو جائے گی تو کیا یہ ایک شخص تمام نمازیوں کو تکلیف سے بچانے کے لیے اپنی نماز فاسد کر دے یا اس کو نماز کے آخر تک چھوڑ دیا جائے اور سلام کے بعد بند کیا جائے۔

جواب 

واضح رہے کہ موبائل کو بند کرنے کے لیے نماز کو توڑنا تو جائز نہیں ، البتہ ایک ہاتھ سے اس طرح بند کیا جاسکتا ہے کہ دور سے دیکھنے والا شخص یہ نہ سمجھے کہ یہ آدمی نماز نہیں پڑھ رہا اور اگر نمازی موبائل کو اس طرح بند کر رہا ہو کہ دور سے دیکھنے والا شخص یہ سمجھے کہ یہ آدمی نماز نہیں پڑھ رہا، تو اس طرح نماز ٹوٹ جائے گی۔
بایں ہمہ نمازی کو مسجد میں داخل ہونے سے قبل ہی موبائل فون اہتمام اور پابندی سے بند کر دینا چاہیے، تاکہ مسجد کا تقدس پامال اور بے حرمتی نہ ہو اور کسی کے خشو ع وخضوع میں خلل نہ آئے۔اور گھنٹی میں موسیقی منتخب کرنا بھی ناجائز ہے۔ فقط واللہ اعلم بالصواب

دارالافتاء جامعہ فاروقیہ کراچی