شیطان بہکانے کے لیے جنت میں داخل ہوا یا نہیں؟

Darul Ifta mix

شیطان بہکانے کے لیے جنت میں داخل ہوا یا نہیں؟

سوال

کیا فرماتے ہیں مفتیانِ کرام مندرجہ ذیل  مسئلہ کے بارے میں کہ حضرت آدم علیہ السلام جب پیدا کیے گئے۔شیطان نے سجدہ سے انکار کر کے کفر کیا اور کافر جنت میں نہیں جائیں گے، تو شیطان نے جنت میں جاکر کس طرح حضرت آدم علیہ السلام کو بہکایا،جواب دے کر ممنون فرمائیں؟

جواب

اس بارے میں کہ شیطان نے جنت میں جاکر حضرت آدم علیہ السلام کو بہکایا ،یا بغیر جنت میں داخل ہوئے بہکایا ۔ علماء کے مختلف اقوال ہیں۔ بعض کہتے ہیں کہ وہ جنت میں داخل ہو گیا تھا او راس کا دخول اس لیے ہوا تھا تاکہ حضرت آدم علیہ السلام کو آزمایا جائے اور بعض کہتے ہیں کہ وہ جنت کے دروازے پر کھڑا تھا کہ حضرت آدم وحوا علیہما السلام نے اسے اندر بلا لیا اور بعض کہتے ہیں کہ وہ ایک سانپ کے منہ میں بیٹھ کر جنت میں داخل ہو گیا تھا۔ اور جو علما ء یہ کہتے ہیں کہ وہ اندر نہیں گیا تھا وہ کہتے ہیں کہ وسوسہ ڈالنے کے لیے زیادہ قریب ہونا ضروری نہیں ہے اس لیے کہتے ہیں کہ وہ جنت کے باہر کھڑا تھا تو اس نے باہر سے وسوسہ ڈال دیا۔ علامہ زمحشریؒ وغیرہ فرماتے ہیں کہ اس کا بھی احتمال ہے کہ شیطان زمین پر ہو اور وہ جنت میں ہوں اور شیطان نے زمین پر ہوتے ہوئے ان کے دلوں میں وسوسہ ڈال دیاہو۔

لمافي تفسیر البیضاوی:

'' إنه کیف توصل إلی أزلاله ما بعد ما قیل له: (أخرج منها، فإنک رجیم) فقیل: إنه منع من الدخول علی جهة التکرمة کما کان یدخل الملائكة ولم یمنع أن یدخل للسوسة ابتلاء لآدم وحواء، وقیل: قام عند الباب فناداهما.''
(البقرۃ:٣٦،ص:٦٩، سعید). فقط واللہ اعلم بالصواب

دارالافتاء جامعہ فاروقیہ کراچی

فتوی نمبر: 09/131