بیماری کی وجہ سے روزہ چھوڑنے کا حکم

Darul Ifta

بیماری کی وجہ سے روزہ چھوڑنے کا حکم

سوال

کیا فرماتے ہیں علماء کرام مندرجہ ذیل مسئلہ کے بارے میں کہ عرصہ چھ سال سے میری بیوی شوگر کی مریض ہے، اب چوں کہ بیماری پرانی ہونے کے ساتھ ساتھ کمزوری بھی بہت زیادہ ہوگئی ہے، علاج وغیرہ بھی کافی حد تک کیاہے، گزشتہ سال رمضان المبارک میں صحت کچھ اچھی تھی تو بیوی نے روزے رکھنے شروع کردیے، مگر ابھی چودہ روزے ہی رکھے تھے کہ شدید بیمار ہوگئی، جس کی وجہ سے ان کو ہسپتال میں داخل کرانا پڑا، روزہ رکھنے کی وجہ سے اس کے پانی پینے کی نالی کا منہ بند ہوگیا، شام کو جب وہ پانی پیتی تو پانی اپنی صحیح جگہ جانے کے بجائے پورے پیٹ میں پھیل گیا ،بڑی مشکل سے ڈاکٹروں نے پیٹ سے پانی نکالا، سولہ روزے قضا ہوگئے،اب ایسی حالت میں شریعت کیا حکم دیتی ہے اور آئندہ روزوں کی قضا بھی بظاہر مشکل ہے، کیوں کہ کمزوری ان کی پہلے سے زیادہ ہے، آیا قضا روزے رکھنے لازم ہیں ،یا فدیہ وغیرہ دے دیں؟

جواب

صورت مسؤلہ میں روزہ رکھنے سے اگر بیماری میں اضافے کا خطرہ ہے تو شرعاً اس کو اجازت ہے کہ وہ صحت مند ہونے تک روزہ  نہ رکھیں، جب ٹھیک ہو جائیں تو ان چھوٹے ہوئے روزوں کی قضا کریں، البتہ اگر صحت مند ہونے کی کوئی امید نہ ہو اور آخر دم تک روزہ رکھنے کی طاقت لوٹنے سے بالکل مایوسی ہو، چھوٹے اورٹھنڈے ایام میں بھی روزہ رکھنے کی طاقت نہیں، تو ایسی صورت میں قضا شدہ اور آنے والے فرض روزوں کا فدیہ دینا ہوگا اور ایک روزے کے عوض میں ایک صدقۃ الفطر کی رقم کے برابر رقم کسی مسکین کو دینا ہوگی۔
قال اﷲ تبارک وتعالی:(فَمَن کَانَ مِنکُم مَّرِیْضاً أَوْ عَلَی سَفَرٍ فَعِدَّۃٌ مِّنْ أَیَّامٍ أُخَرَ وَعَلَی الَّذِیْنَ یُطِیْقُونَہُ فِدْیَۃٌ طَعَامُ مِسْکِیْن).(سورۃ البقرۃ:١٨٤)
''المریض إذا خاف علی نفسہ ۔۔۔یفطر ۔۔۔وإن خاف زیادۃ العلۃ وامتدادہا، فکذلک عندنا، وعلیہ القضاء إذا أفطر۔۔۔فالشیخ الفاني الذي لا یقدر علی الصیام یفطر ویطعم لکل یوم مسکینا، کما یطعم في الکفارۃ . (الھندیۃ، کتاب الصوم، الباب الخامس في الأعذار التي تبیح الإفطار: ١/٢٠٧، رشیدیۃ)
''إذا وجب علی الرجل القضاء بأن أفطر بعذر أو بغیر عذر ولم یقض حتی عجز وصار شیخا فانیا، بحیث لا یرجی برءہ، تجوزلہ الفدیۃ وإنما تجوز لہ الفدیۃ عن صوم ھو أصل بنفسہ، وھو صوم رمضان عند وقوع الیأس عن القضاء یعطي لکل یوم نصف صاع من الحنطۃ، ویجوز فیھا ما یجوز في صدقۃ الفطر.(الخانیۃ علی ھامش الھندیۃ، کتاب الصوم: ١/٢٠٣،رشیدیۃ).فقط واللہ اعلم بالصواب

دارالافتاء جامعہ فاروقیہ کراچی

footer