تعزیت کا شرعی طریقہ

تعزیت کا شرعی طریقہ

سوال

کیا فرماتے ہیں مفتیانِ کرام درج ذیل مسئلہ کے بارے میں کہ جب میت دفن ہوجائے،تو ہمارے یہاں یہ رواج ہے کہ تین دن تو حجرے میں بیٹھتے ہیں، ہاتھ اٹھائے جاتے ہیں، چائے پی جاتی ہے،حقہ اور سگریٹ پی جاتی ہے اور دنیاوی گپ شپ بھی، پھر تین دن کے بعد بھی مہمان آتے ہیں، وہ بھی اجتماعی ہاتھ اٹھاتے ہیں اور یوں یہ سلسلہ مہینوں چلتا رہتا ہے،گھر میں جو عورتیں آتی  ہیں ان کا بھی یہی طریقہ ہے جو میں نے اوپر بیان کیا ہے، آیا قرآن وحدیث کے رو سے یہ طریقہ کا ر صحیح ہے؟ برائے مہربانی تفصیل کے ساتھ یہ مسئلہ حل فرمائیں۔

جواب

در مختار میں لکھا ہے کہ:
’’لابأس بالجلوس لها في غير مسجد ثلاثة أيام، وأولها أفضل. وتكره بعدها إلا لغائب. وتكره التعزية ثانيا، وعند القبر، وعند باب الدار؛ ويقول عظم الله أجرك، وأحسن عزاءك‘‘. (باب الجنائز:604/1).
اس عبارت کا مطلب یہ ہے کہ تین دن تک تعزیت کے لیے مسجد کے علاوہ کسی مقام پر بیٹھنا جائز ہے، البتہ پہلے دن زیادہ افضل ہے اور تین دن کے بعد تعزیت کرنا مکروہ ہے، ہاں اگر کوئی شخص غائب ہو یا کسی کو تین دن کے بعد پتہ چلے تو اس کے لیے تین دن کے بعد بھی جائز ہے، اور تعزیت ان الفاظ میں کرےکہ : اللہ تعالی آپ کو اجر اور صبر دے اور آپ کے میت کی مغفرت کرے، عام دعا میں ہاتھ اٹھانا مسنون ہے، البتہ اس خاص موقع پر ہاتھ اٹھانے اور دعا کرنے کا ذکر کسی روایت میں نہیں ہے، اسی طرح تین دن تک میت کے گھر میں کھانا اور دعوت مکروہ ہے، بلکہ محلہ داروں اور رشتہ داروں کو چاہیے کہ وہ میت کے گھروالوں کو اپنے ہاتھ سے کھانا کھلائے، لیکن اگر ایسی صورت نہ ہوتو پھر گھر میں اپنے لیے اور باہردور سے آنے والوں مہمانوں کے لیے کھانا جائز ہے، لیکن تین دن تک دعوت عام چاہے وہ ایصال ثواب کے لیے ہو وہ مکروہ ہے، جیسے کہ فقہ کی کتابوں میں لکھا ہے:
’’ولا یباح اتخاذ الضیافۃ ثلاثۃ ایام‘‘. (عالمگیری:178/1)
’’ويكره الضيافة من أهل الميت لأنها شرعت في السرور لا في الشرور وهي بدعة مستقبحة‘‘. (مراقي الفلاح شرح نور الایضاح، ص: 339)
قال في البزازیۃ:
’’یکرہ اتخاذ الطعام في الیوم الاوّل و الثالث وبعد الاسبوع ونقل الطعام إلی المقبرۃ‘‘. (طحطاوي شرح مراقي الفلاح، ص:339).
باقی حقہ وغیرہ یا گپ شپ لگانا تعزیت کے مقام پر جائز نہیں ہے۔( کذا في الشامي،603/1).فقط.واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب.
دارالافتاء جامعہ فاروقیہ کراچی
فتویٰ نمبر:01/224