کیا فرماتے ہیں علماء کرام مندرجہ ذیل مسئلہ کے بارے میں کہ آج کل فیس بک یا انٹرنیٹ وغیرہ پر قیامت یا اللہ تعالی کی عذاب کی شکلیں تصاویر اور ویڈیوز میں پیش کی جاتی ہیں بطور عبرت کے لئے یا اسی طرح قبر کے احوال سے متعلق مختلف ویڈیوز بناتے ہیں بطور عبرت کے لئے، تو ایسی ویڈیوز کو دیکھنا اور اس کا بنانا کیسا ہے، جائز ہے یا نہیں؟ یا اسی طرح کوئی آدمی فیس بک وغیرہ پر ویڈیو کے دوران کفریہ الفاظ، یا ایسے الفاظ بولتا ہےجس سے عام طور پر آدمی کافر ہوجاتا ہے، تو ایسی ویڈیوز کو دیکھنا اور آگے شیئر کرنا اس کا کیا حکم ہے؟
واضح رہے کہ اللہ تعالی کے عذاب کی منظر کشی خواہ وہ بطور عبرت ہو درست نہیں، کیونکہ اللہ تعالی کا عذاب ایک مخفی امر ہےاور لوگوں کو اس طرح کی ویڈیوز سے عبرت حاصل نہیں ہوتی، بلکہ وہ اللہ تعالی کے عذاب کو ہلکا سمجھنے لگتے ہیں، جبکہ حقیقتاً اللہ تعالی کا عذاب بہت درد ناک ہے، خاص طور پر اسے جاندار کی تصاویر کی شکل میں دیکھنا، دکھانا اس کی قباحت کو مزید بڑھا دیتا ہے۔
نیز فیس بک وغیرہ پر ویڈیوز میں الفاظ کفریہ کہتے ہوئے دیکھنا اور سننا بھی ناجائز ہے، تصویر کی حرمت کے ساتھ ساتھ بے جا کفریہ الفاظ کا سننا بھی قباحت در قباحت کا ارتکاب ہے۔وفي التنزيل العزيز:
﴿يَاأَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا أَطِيعُوا اللَّهَ وَأَطِيعُوا الرَّسُولَ وَأُولِي الْأَمْرِ مِنْكُمْ﴾(سورة النساء،59)
وفي صحيح المسلم:
عن أبي طلحة عن النبي صلى الله عليه وسلم قال:’’لا تدخل الملائكة بيتا فيه كلب ولا صورة‘‘.
وفيه أيضا:
عن أبي معاوية:’’إن من أشد أهل النار يوم القيامة عذابا المصورون‘‘.(كتاب اللباس والزينة، باب تحريم صورة الحيوان، رقم الحديث: 5514،5538، دارالسلام الرياض)
وفي صحيح البخاري:
عن عبد الله رضي الله عنه عن النبي صلى الله عليه وسلم قال:’’السمع والطاعة على المرء المسلم فيما أحب وكره ما لم يؤمر بمعصية فإذا أمر بمعصية فلا سمع ولا طاعة‘‘.(كتاب الأحكام، باب السمع والطاعة،1229، رقم الحدیث:7143، دارالسلام الرياض)
وفي ردالمحتار:
’’وظاهركلام النووي في شرح مسلم الإجماع على تحريم تصوير الحيوان وقال وسواء صنعه لما يمتهن أو لغيره فصنعته حرام بكل حال لأن فيه مضاهاة لخلق الله تعالى‘‘.(كتاب الصلوة، مطلب إذاتردد الحكم بين سنة وبدعة كان ترك السنةأولى:502/2 ،رشيدية).
فقط.واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب
دارالافتاء جامعہ فاروقیہ کراچی
فتویٰ نمبر:188/321