گنّا … صحت وتوانائی کا خزانہ

گنّا … صحت وتوانائی کا خزانہ

پروفیسر ڈاکٹر محمد وسیم اکبر شیخ

گنّاچوسنا دیہاتیوں کا محبوب مشغلہ ہے۔ گنا چبانا اور چُو سنا دراصل دانتوں کی بہترین ورزش ہے، جس سے دانت اور مسوڑے مضبوط ہو جاتے ہیں۔ گنا تیزابیت کو ختم اور ہاضمے کو بہتر کرتا ہے، یہ جگر کی اصلاح کے لیے بہترین ٹانک ہے۔ یرقان، معدے کی گرمی، بلڈپریشر اور ذہنی تناؤ دُور کرنے کے لیے گنّا مفید ہے۔ گنا دانتوں کی میل کچیل صاف کرکے انہیں مضبوط اور چمک دار بناتا ہے۔ ذیابیطس کے مریضوں کو گنے سے پرہیز کرنا چاہیے۔ علاوہ ازیں گنّا کھاتے ہوئے یہ احتیاط بھی ضروری ہے کہ اسے پہلے خوب اچھی طرح دھولیا جائے۔ گنّے سے شکر، گڑ، راب اور چینی بنائی جاتی ہے، گنے کا رس ہاضم اور پیشاب آور ہوتا ہے۔ تازہ گنا حراروں (کیلوریز) کے حصول کا اہم ذریعہ ہے۔

گنّا کھانے کی روایت اب معدوم ہوتی جارہی ہے، اس لیے کہ اب نہ صرف بازار میں گنے کارس بہ آسانی دست یاب ہے، بلکہ گنڈیریاں بھی میسر ہیں۔ گنڈیریوں پر کالانمک، عرقِ گلاب اور گلاب کی سرخ پتیاں ڈال کر انہیں ہاضم اور خوش بودار بنادیا جاتا ہے۔ عام طور پر لوگ کھانا کھانے کے بعد ہاضمے کے لیے گنڈیریاں کھانا پسند کرتے ہیں، لیکن اگر یہ خالی پیٹ کھائی جائیں تو ان کی تاثیر اور فائدہ بڑھ جاتا ہے۔

ماضی میں ٹوتھ پیسٹ نہیں ہُوا کرتے تھے، لوگ مِسواک، کوئلے، نمک کے سفوف اور دنداسے سے دانت صاف کرتے تھے۔ آج کل مختلف اقسام کے درجنوں ٹوتھ پیسٹ بازار میں دست یاب ہیں، مگر پھر بھی بچوں اور بڑوں میں دانتوں کی بیماریاں عام ہیں، اس کی وجہ چاکلیٹ، آئس کریم، کولامشروبات، چاے اور کافی کازیادہ پینا ہے۔ روزانہ دس بارہ گنڈیریاں چُوس لینے سے نہ صرف دانت اور مسوڑے مضبوط ہو جاتے ہیں، بلکہ دانتوں پر جما ہوا میل بھی صاف ہو جاتا ہے۔

خوب صورت، چمک دار اور مضبوط دانت قدرت کی نعمت ہیں۔ یہ نہ صرف غذا چبانے کے کام آتے ہیں، بلکہ مسکراہٹ اور چہرے کی خوب صورتی میں بھی اضافہ کرتے ہیں۔ چمک دار دانت صحت وتن درستی کی علامت ہیں، مسکراہٹ وہی دل نشین ہوتی ہے، جس کے پیچھے چمک دار موتیوں جیسے دانت ہوں۔ ماہرین ِ صحت کا کہنا ہے کہ کولامشروبات، پان وسگرٹ دانتوں اور مسوڑوں کے لیے انتہائی مُضر ہیں۔ بازاری پھلوں کے رس اور مشروبات میں مصنوعی رنگوں اور کیمیائی اجزا کی آمیزش کی وجہ سے دانتوں اور مسوڑوں کو ناقابل ِ تلافی نقصان پہنچتا ہے۔ گنڈیریاں چوسنے کا عمل گندے، پیلے، کیڑا لگے اور بدنما دانتوں کا علاج ہے۔ اس سے دانتوں پر جمی ٹارٹر صاف ہو جاتی ہے۔ منھ میں موجود مضر ِ صحت، بیکٹیریا کو خارج کرنے میں بھی گنڈیری اہم کردار ادا کرتی ہے۔

گنا اور گنڈیری صحت وتوانائی او رجسمانی وذہنی فرحت کاخزانہ ہیں۔ گنے کارس بلغم کو خارج کرتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ بھوک کی کمی اور اعصابی تھکن کو بھی دور کرتا ہے۔ ہر عمر کے افراد کے لیے مفید، سستا اور صحت بخش ہے۔

صدیوں سے حکیم اور معا لجین گنّے کو مختلف امراض سے شفایابی کے لیے مریضوں کو کھلاتے آرہے ہیں۔ آپ بھی گنڈیریاں کھا کر نہ صرف جگر کے تمام امراض سے محفوظ رہ سکتے ہیں، بلکہ اپنی توانائی میں بھی اضافہ کرسکتے ہیں۔