موسمِ سرما کی برکتیں،رخصتیں، ہدایتیں، نصیحتیں

موسمِ سرما کی برکتیں،رخصتیں، ہدایتیں، نصیحتیں

مولانا ندیم احمد انصاری

دنیا آرام نہیں، اعمال کی جگہ ہے۔ اِس دنیا میں موسموں کا تبدیل ہونا بھی ایک آزمائش ہے، اُس دنیا میں اہلِ جنت کا حال یہ ہوگا:وہ ان باغوں میں آرام دہ اونچی نشستوں پر تکیہ لگائے بیٹھے ہوں گے ، جہاں نہ دھوپ کی تپش دیکھیں گے اور نہ کڑا کے کی سردی۔ (الدہر)

جب تیز ہوا چلے
حضرت ابوہریرہسے روایت ہے، میں نے رسول اللہ ا کو ارشاد فرماتے ہوئے سناکہ ہَوا اللہ کا ایک حکم ہے، رحمت بھی لے کر آتی ہے اور عذاب بھی، جب تم دیکھو کہ تیز ہوا چل رہی ہے تو ہوا کو برا بھلا مت کہو، بلکہ اللہ سے اس کی خیر مانگو اور اس کے شر سے اللہ کی پناہ طلب کرو۔(ابوداودد)

سردی اور گرمی کا سبب
حضرت ابوہریرہسے روایت ہے، حضرت نبی کریم صلی الله علیہ وسلم نے فرمایا:جب گرمی تیز ہوجائے تو نماز کو ٹھنڈے وقت میں پڑھا کرو، کیوں کہ گرمی کی تیزی دوزخ کی آگ کی بھاپ کی وجہ سے ہوتی ہے۔ (بخاری)دوزخ نے اپنے رب سے شکایت کی کہ اے میرے رب ! (آگ کی شدت کی وجہ سے) میرے بعض حصے نے بعض حصے کو کھالیا، اس پر اللہ تعالیٰ نے اسے دو سانس لینے کی اجازت دی، ایک سانس جاڑے میں اور ایک سانس گرمی میں، اب انتہائی سخت گرمی اور سخت سردی جو تم محسوس کرتے ہو، وہ اسی سے پیدا ہوتی ہے۔(بخاری)یعنی گرمی کی شدت کا ظاہری سبب تو آفتاب ہے اور اس کو ہر شخص جانتا ہے اور کوئی بھی اس کا انکار نہیں کرسکتا، لیکن عالمِ باطن اور عالمِ غیب میں اس کا تعلق جہنم کی آگ سے بھی ہے اور یہ ان حقائق میں سے ہے جو انبیائے کرام علیہم السلام ہی کے ذریعے معلوم ہوسکتے ہیں۔( معارف الحدیث)

سردیوں کی برکت
حضرت ابوسعید خدریسے مروی ہے، حضرت نبی کریم صلی الله علیہ وسلم نے فرمایا:سردیوں کا موسم مومن کے لیے موسمِ بہار ہے۔(مسند احمد) حضرت معاذسے روایت ہے، رسول اللہ صلی الله علیہ وسلم نے فرمایا: ابنِ آدم کے دل سردیوں میں نرم ہوجاتے ہیں، اس لیے کہ اللہ تعالیٰ نے آدم کو مٹی سے پیدا کیا اور مٹی سردی میں نرم پڑجاتی ہے۔(فیض القدیر، کنزالعمال)

سردیوں میں وضو
حضرت ابوہریرہسے روایت ہے، رسول اللہ صلی الله علیہ وسلم نے فرمایا:کیا میں تمہیں وہ کام نہ بتاوں جس سے اللہ تعالیٰ گناہوں کو مٹاتا اوردرجات کو بلند کرتا ہے؟ انھوں نے عرض کیا:کیوں نہیں اے اللہ کے رسول!آپ نے فرمایا:وضو کو تکلیفوں (سردیوں کے موسم) میں پورا کرنا، مسجدوں کی طرف بار بار جانا اور ایک نماز کے بعد دوسری نماز کا انتظا کرنا، یہ رباط (یعنی سرحدپر حفاظت کرنے جیسا) ہے۔(ترمذی)حضرت علیسے روایت ہے، رسول اللہ صلی الله علیہ وسلمنے ارشاد فرمایا:جس شخص نے سخت سردیوں میں اچھی طرح وضو کیا (یعنی اعضا کو جلد بازی میں سوکھا نہیں چھوڑا)، اس کے لیے اجر کے دو حصے ہیں۔(معجمِ اوسط طبرانی)

سخت سردی میں تیمّم
حضرت عمرو بن عاصبیان کرتے ہیں کہ ایک مرتبہ مجھے سردیوں کی رات میں احتلام ہوگیا ، یہ غزوہ ذات السلاسل کی بات ہے ، مجھے یہ اندیشہ ہوا کہ اگر میں نے غسل کیا تو میں ہلاکت کا شکار ہوجاوں گا، اس لیے میں نے تیمم کرکے اپنے ساتھیوں کو صبح کی نماز پڑھا دی، بعد میں اس بات کا تذکرہ حضرت نبی کریم صلی الله علیہ وسلمسے کیا گیا تو آپ نے دریافت کیا ، اے عمرو! تم نے جنابت کی حالت میں اپنے ساتھیوں کو نماز پڑھا دی؟ میں نے آپ کو اس کی وجہ بتائی جس نے مجھے غسل کرنے سے روک دیا تھا اور عرض کیا:میں نے اللہ کا یہ ارشاد سنا ہے کہ تم اپنے آپ کو قتل نہ کرو، بے شک اللہ تمھارے بارے میں بڑا رحم فرمانے والا ہے۔ حضرت نبی کریم صلی الله علیہ وسلم مسکرانے لگے اور آپ نے مجھے کچھ نہیں کہا۔(دارقطنی:669)

سردیوں میں ہاتھ کپڑے کے اندر ہی اٹھانا
حضرت وائلسے مروی ہے کہ میں موسمِ سرما میں حضرت نبی کریم صلی الله علیہ وسلمکی خدمت میں حاضر ہوا تو میں نے صحابہ کرامکو دیکھا کہ وہ (نماز میں) اپنے ہاتھوں کو اپنی چادروں کے اندر ہی سے اٹھا رہے تھے۔(مسند احمد)

سخت سردی اور مسجد کی جماعت
حضرت عبداللہ بن عمر نے ایک ٹھنڈی اور برسات کی رات میں اذان دی، پھر یوں پکار کر کہہ دیا:لوگو!اپنے گھروں میں ہی نماز پڑھ لو۔ پھر فرمایا:حضرت نبی کریم صلی الله علیہ وسلم سردی و بارش کی راتوں میں موذن کو حکم دیتے تھے کہ وہ اعلان کر دے کہ لوگ اپنی قیام گاہوں پر ہی نماز پڑھ لیں۔(بخاری)

سردیوں میں تہجد اور روزہ
عامر بن مسعود سے روایت ہے، حضرت نبی کریم صلی الله علیہ وسلمنے فرمایا:ٹھنڈی نعمت سردیوں میں روزہ رکھنا ہے۔(ترمذی) حضرت ابو سعید خدریبیان کرتے ہیں، رسول اللہ صلی الله علیہ وسلمنے فرمایا :سردیاں مومن کا سیزن ہیں،اس میں دن چھوٹے ہوتے ہیں تو وہ روزہ رکھتا ہے اور رات لمبی ہوتی ہے تو وہ قیام کرتا ہے۔(سنن کبریٰ بیہقی)

سردیوں میں آگ بجھا کر سونا
بعض لوگ سردی سے بچنے کے لیے گھروں میں آگ جلا کر سو جاتے ہیں، اس سے احتراز کرنا چاہیے۔ سالم اپنے والد سے، وہ حضرت نبی کریم صلی الله علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں، آپ نے فرمایا:جب تم سونے لگو تو اپنے گھروں میں آگ نہ رہنے دو۔(بخاری)حضرت ابوموسیٰنے بیان کیا کہ ایک گھر مدینے میں گھر والوں سمیت رات کو جل گیا، ان لوگوں کا واقعہ آپ صلی الله علیہ وسلم سے بیان کیا گیا تو آپ نے فرمایا کہ یہ آگ تمہاری دشمن ہے، اس لیے جب تم سونے لگو تو اسے بجھا دیا کرو۔ (بخاری)

سردیوں کے موسم میں صدقہ خیرات
سردی کے موسم میں بہت سے محتاجوں کو ہماری ضرورت ہوتی ہے، اس مشکل وقت میں ہمیں ان کی ضرورتوں کا خیال رکھنا چاہیے۔ حضرت ابوسعیدسے روایت ہے، رسول اللہ صلی الله علیہ وسلمنے فرمایا:جو مسلمان کسی ننگے کو کپڑا پہنائے گا، اللہ تعالیٰ اسے جنت کا ہرا لباس پہنائے گا، جو مسلمان کسی بھوکے کو کھانا کھلائے گا، اللہ تعالیٰ اسے جنت کے پھل کھلائے گا، جو مسلمان کسی پیاسے کو پانی پلائے اللہ تعالیٰ اسے جنت کی شراب پلائے گا۔ (ابوداود)حضرت حصینکہتے ہیں کہ ایک سائل نے حضرت ابن عباسسے سوال کیا تو انہوں نے اس سے پوچھا:کیا تم گواہی دیتے ہو کہ اللہ کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں؟ اس نے عرض کیا:ہاں!آپنے فرمایا:کیا تم گواہی دیتے ہو کہ حضرت محمد صلی الله علیہ وسلم اللہ کے رسول ہیں؟ اس نے کہا:ہاں!آپنے فرمایا:کیا تم رمضان کے روزے رکھتے ہو ؟ اس نے کہا: ہاں!پھر فرمایا:تم نے مجھ سے کچھ مانگا ہے اور سائل کا بھی حق ہے، لہٰذا مجھ پر فرض ہے کہ میں تمہیں کچھ نہ کچھ دوں، پھر آپ نے اسے کپڑا عطا کیا اورفرمایا:میں نے رسول اللہ صلی الله علیہ وسلمسے سنا ہے، آپ نے فرمایا :جو شخص کسی مسلمان کو کپڑا پہنائے وہ اللہ تعالیٰ کی حفاظت میں ہوتا ہے جب تک کہ پہننے والے پر اس کپڑے کا ایک ٹکڑا بھی باقی رہے۔(ترمذی)