قتل ایک سنگین جرم اور کبیر ہ گناہ

قتل ایک سنگین جرم اور کبیر ہ گناہ

عبدالرشید طلحہ نعمانی

امیر المومنین فی الحدیث امام ابوعبداللہ محمد بن اسماعیل البخاری (194-256ھ/810- 870ء) اپنی صحیح میں معروف صحابیٴ رسول، حفظ و کتابت ِحدیث میں مشہورحضرت سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے ایک روایت نقل کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی الله علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:وہ وقت بھی آنے والا ہے جب زمانے ایک دوسرے کے قریب ہوں گے، علم اٹھا لیا جائے گا، فتنے پھوٹ پڑیں گے، بخل ڈالا جائے گا اور ہرج زیادہ ہوگا۔صحابہ نے یہ سن کر عرض کیا:ائے اللہ کے رسول!”ہرج“ کیا چیز ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا”قتل و غارت گری“۔

حدیث بالا کی روشنی میں جب ہم اپنے ماحول پر ایک طائرانہ نظرڈالتے ہیں، گِرد وپیش کا سرسری جائزہ لیتے ہیں اور روز مرہ پیش آنے والے واقعات کو پڑھتے یا دیکھتے ہیں تو صاف طور پر محسوس ہوتا ہے کہ ان دنوں قتل وخوں ریزی کی وباسب سے زیادہ عام ہے، دنیا کی چند کوڑیوں یا مختصر سی زمین وجائیدادکے لیے کسی کوقتل کر ڈالنا معمول بن چکا ہے،چھوٹی چھوٹی بات کو لے کرباپ بیٹے سے،بھائی بھائی سے،شوہر بیوی سے اور پڑوسی پڑوسی سے آمادہٴ پیکار ہے۔جوں جوں زمانہ ترقی کرتا جارہاہے انسانیت مٹتی جارہی ہے، مروت مائل بہ زوال ہے، قرابت کی کوئی اہمیت باقی نہیں رہی،بے لوث دوستی کا تصور بھی محال ہوچکا ہے،انسانی جان تو مچھر اور مکھی سے بھی کم تر وحقیرہوگئی ہے۔آئے دن بوری بند لاشیں مل رہی ہیں،روزانہ درجنوں قتل ہورہے ہیں اور سفاک درندے ہرطرف دندناتے پھررہے ہیں؛مگر حیف صد حیف کسی کو احساس زیاں نہیں۔یہ حقیقت ہے کہ جب معاشرے میں ایک دوسرے کی جان کا احترام نہیں رہے گاتو تمدن کی جڑیں کھوکھلی ہوجائیں گی،بدامنی و انارکی پھیل جائے گی اور ظلم وسرکشی کا ہرسمت بول بالا ہوگا۔ یہ وہ نکتہ ہے جو سورة المائدة میں ہابیل اور قابیل کے واقعے کے بعد اللہ تعالیٰ نے بیان فرمایاہے کہ:”جس کسی نے ایک انسان کی جان بھی جان کے بدلے یا زمین میں فساد پھیلانے کے لیے لی تو اس نے گویا پوری نوعِ انسانی کو قتل کر دیا اور جس نے ایک انسان کوزندگی دی (اس کی جان بچائی) اس نے گویا پوری نوعِ انسانی کی جان بچائی“؛اس لیے کہ حقیقتاً قتل ِناحق انسانی تمدن کی جڑوں کو کاٹتا ہے۔

یہ کس درجہ حیرت کا مقام ہے کہ وہ دین جو دنیا میں سراپا عدل، انصاف اور پیام امن بن کر آیا تھا، وہ رسول ( صلی اللہ علیہ وسلم) جو رحمة اللعالمین بناکربھیجے گئے تھے اور وہ صحابہ رضی اللہ عنہم جو محبت اور شفقت سے نوع انسانی کی خدمت کے خوگر تھے اب انہی کے نام لیوا ایسے ایسے مظالم ڈھارہے ہیں اورظلم و بربریت کا وہ شرم ناک مظاہرہ کررہے ہیں ،جن کے ذکر سے کلیجہ منھ کو آنے لگتاہے۔

قرآن وحدیث کی تعلیمات اور فطرت انسانی میں غور کرنے سے اندازہ ہوتا ہے کہ اس درندگی وخوں ریزی کے پیچھے براہ راست یا بالواسطہ تین عوامل کارفرما ہیں اور یہ تینوں عوامل وہی ہیں، جن کی جڑ سے عموماً تمام انسانی کمزوریاں جنم لیتی ہیں اور انسانیت کو تباہ وبرباد کردیتی ہیں، آپ انسانی جرائم کی تاریخ پڑھ ڈالیے سب کی تہہ میں عموماً یا تو ”شہوت ِ بطن“کا جذبہ ہوگا یا ”نفسانی خواہشات“ کا یا پھر ”عزت وجاہ“ کی حد سے بڑھی ہوئی ہوس کا۔

خون مسلم کی حرمت
اللہ اور اُس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نزدیک مومن کے جسم و جان اور عزت و آبرو کی اَہمیت خانہٴ کعبہ سے بھی زیادہ ہے۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ایک مومن کی حرمت کو کعبے کی حرمت سے زیادہ محترم قرار دیاہے۔امام ابن ماجہ(207-275ھ/ 824-887ء) نقل کرتے ہیں،حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ انہوں نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو خانہ کعبہ کاطواف کرتے دیکھا اور یہ فرماتے سنا: (اے کعبہ!) تو کتنا عمدہ ہے اور تیری خوش بوکتنی پیاری ہے، تو کتنا عظیم المرتبت ہے اور تیری حرمت کتنی زیادہ ہے، قسم ہے اس ذات کی جس کے ہاتھ میں محمد کی جان ہے! مومن کے جان و مال کی حرمت اللہ کے نزدیک تیری حرمت سے زیادہ ہے اور ہمیں مومن کے بارے میں نیک گمان ہی رکھنا چاہیے۔

امام ترمذی(209-279ھ/ 825-892ء) اپنی جامع میں حضرت عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما سے منقول یہ حدیث ذکرکرتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: اللہ تعالیٰ کے نزدیک ایک مسلمان شخص کے قتل سے پوری دنیا کاناپید (اور تباہ) ہو جانا ہلکا ہے۔

مشہور محدث امام بیہقی (384-458ھ/994- 1066ء) حضرت ابوسعید خدری اور حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہما کے حوالے سے ایک حدیث نقل کرتے ہیں کہ جناب نبی کریم صلی الله علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: اگرتمام اہل زمین اور تمام اہل آسمان ایک مومن کے قتل ناحق میں شریک ہوجائیں تو بھی اللہ تعالیٰ سب کو جہنم میں جھونک دیں گے۔ظاہر ہے کہ آسمان جس برگزیدہ اور معصوم مخلوق سے معمور ہے کون نہیں جانتا۔ اور زمین کی پشت پر کیسی کیسی مقدس ہستیاں آباد ہیں، کیا ان کے بارے میں کبھی قتل مومن کا وسوسہ بھی آسکتا ہے؛ لیکن مومن کی جان کی عظمت ایسی ہے کہ اس کا بیان بجز اس تعبیر کے اور کس طرح کیا جاسکتا ہے؟

قتل ناحق کی مذمت قرآن وحدیث کی روشنی میں
قرآن وحدیث میں متعدد مقامات پر مختلف پیرایے میں اس امر کی وضاحت کی گئی کہ اسلام میں انسانی جان علی الاطلاق محترم ہے۔چناں چہ ہر ذی روح کی جان کااحترام ضروری ہے، نہ تو کسی جان دار کو بلاوجہ مارنے کی اجازت ہے اور نہ ایذا رسانی کی۔اس حوالے سے ذیل میں چند آیات وروایات ملاحظہ فرمائیں!

حق تعالی شانہ فرماتے ہیں:اور جو شخص کسی مسلمان کو جان بوجھ کر قتل کرے تو اس کی سزا جہنم ہے۔جس میں وہ ہمیشہ رہے گا اوراللہ اس پر غضب نازل کرے گا اورلعنت بھیجے گا اور اللہ نے اس کے لیے زبردست عذاب تیار کررکھاہے۔(النساء) ایک اور جگہ ارشاد باری ہے: اورجس جان کو اللہ تعالیٰ نے حرمت عطا کی ہے،اسے قتل نہ کرو؛مگر یہ کہ تمہیں (شرعا)اس کا حق پہنچتا ہو اور جوشخص مظلومانہ طور پر قتل ہوجائے تو ہم نے اس کے ولی کو (قصاص کا)اختیار دیاہے،چناں چہ اس پر لازم ہے کہ وہ قتل کرنے میں حد سے تجاوز نہ کرے، یقینا وہ اس لائق ہے کہ اس کی مدد کی جائے۔(الاسراء) ایک اور مقام پر تنبیہ خداوندی ہے:اور جو اللہ کے ساتھ کسی بھی دوسرے معبود کی عبادت نہیں کرتے اور جس جان کو اللہ نے حرمت بخشی ہے اسے ناحق قتل نہیں کرتے اور نہ وہ زنا کرتے ہیں اور جو شخص بھی یہ کام کرے گا اُسے اپنے گناہ کے وبال کا سامنا کرنا پڑے گا، قیامت کے دن اس کا عذاب بڑھا کر دو گنا کر دیاجائے گا اور وہ ذلیل ہو کر اس عذاب میں ہمیشہ ہمیشہ رہے گا۔(فرقان)

اسی طرح رحمة للعالمین حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی ناروا قتل پر سخت وعیدیں ارشاد فرمائی ہیں اور اس گناہ کبیرہ سے باز رہنے کا حکم فرمایا ہے۔حضرت انس رضی الله عنہ نے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے یہ قول نقل فرمایا ہے:کبیرہ گناہوں میں سب سے بڑے گناہ یہ ہیں: اللہ کے ساتھ کسی کو شریک ٹھہرانااور کسی انسان کو قتل کرنا،والدین کی نافرمانی کرنااور جھوٹی بات کہنا۔(بخاری) ایک جگہ توقتل ناحق کو کفر قرار دیتے ہوئے ارشاد فرمایا: کسی مسلمان کو گالی دینا فسق ہے اوراسے قتل کرنے کے لیے لڑنا کفر ہے۔(بخاری) حضرت عبادہ بن صامت سے روایت ہے، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:ہر گناہ کے بارے میں امید ہو سکتی ہے کہ اللہ تعالیٰ قیامت کے دن اس کومعاف فرمادے،سوائے اس شخص کے جو مشرک ہونے کی حالت میں مرا ہویا جس نے کسی مسلمان کو جان بوجھ کر قتل کیا ہو۔(مجمع الزوائد) حضرت عبداللہ بن عمر روایت کرتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:کوئی شخص دوسرے کے پاس جاکر اسے قتل کردے تو مقتول جنت میں ہوگااورقاتل جہنم میں۔(مجمع الزوائد) قتل کی سنگینی کے باعث اسلام نے اسلحہ کے ذریعے مذاق اور اسلحہ کی نوک سے کسی معصوم کی طرف اشارہ کرنے سے بھی منعفرما دیا، چناں چہ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:کوئی بھی اپنے بھائی کی طرف اسلحہ سے اشارہ نہ کرے؛کیوں کہ اسے نہیں معلوم کہ شیطان اس کے ہاتھ کو چوک لگا دے اور وہ جہنم کے گڑھے میں جا گرے۔(بخاری و مسلم)نیز نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ بھی فرمایا: جو شخص اپنے کسی بھائی کی طرف خنجر سے بھی اشارہ کرے تو فرشتے اس پر لعنت بھیجتے ہیں، چاہے وہ اس کا سگا بھائی کیوں نہ ہو۔(مسلم، ترمذی)

حرف آخر
مختصر یہ کہ قتل کے پیہم واقعات کا رونما ہونا‘قوتِ برداشت کے فقدان،غصے میں آپے سے باہر ہوجانے اور اسلامی تعلیمات سے جہالت وناواقفیت کا نتیجہ ہے جو مسلم معاشرے کے لیے کسی بدنما داغ سے کم نہیں۔اخیر میں ایک صاحب دل اہل قلم کی تحریر کے اس اقتباس پر بات ختم کرتے ہیں :
موجوددہ حالات میں اہل اسلام کا فرض تھا کہ اپنے انفرادی واجتماعی اختلافات کی پستی سے ذرا اوپر اُٹھتے اوروحدتِ اسلام کی رسی تھام کر دوسروں کو سر توڑ جواب دیتے، اگر یہ نہ سہی کہ دوسروں کواپنے حلقہ میں لے لیتے، تویہ ہوتا کہ دوسروں کو اپنے حصار میں فاتحانہ داخل نہ ہونے دیتے؛ لیکن کسی اور کو کیاکہیے اور کس منھ سے کہیے،جب کہ خود اپنوں نے یہ وحدت پارہ پارہ کی، خود اپنا حصار انہوں نے توڑا، جس ملت کے قانون میں عام انسانوں کی زندگی کی ضمانت تھی، آج اسی کے ہاتھ ایک دوسرے کے گلا گھونٹنے میں لگے ہوئے ہیں۔ ان لوگوں پر کیا نظر اُٹھائیے جنہیں خدا سے سروکار نہیں، آخرت سے وہ غافل ہیں، جنت وجہنم کو صرف خوش فہمی سمجھتے ہیں، جن کے نزدیک﴿مَتَاعُ الْحَیِٰاةالدُّنْیَا﴾ہی سب کچھ ہے، وہ اگر ایک دوسرے کی گردنیں کاٹیں تو عین ممکن ہے، کیوں کہ ان کے سامنے اس زندگی کے بعد دوسری زندگی کا نقشہ نہیں ہے؛ لیکن جس قوم کا ایمان یہ ہو کہ یہ دنیا ایک رہ گزر سے زیادہ حیثیت نہیں رکھتی، پھرجونہی آنکھیں بند ہوں گی اپنے مالک ومولیٰ کے حضور اپنے کیے دھرے کا کچا چٹھا پیش کرنا ہے، اسے کیسے جرات ہوتی ہے کہ جس کام کو اسی مالک نے جس مالک کے سامنے بالآخر حاضری ہے، جرم اور بدترین جرم قرار دیا ہے، اسی کے ارتکاب کی جرات کر بیٹھے۔(قتل ناحق)