مبصر کے قلم سے

مبصر کے قلم سے

ادارہ

تبصرہ کے لیے کتاب کے دو نسخے ارسال کرنا ضروری ہے۔ صرف ایک کتاب کی ترسیل پر ادارہ تبصرے سے قاصر ہے۔ تبصرے کے لیے کتابیں صرف مدیر الفاروق یا ناظم شعبہ الفاروق کو بھیجی جائیں۔ (ادارہ)

مجلہ صفدر، فتاوی وآراء نمبر

ناشر: جامعہ حنفیہ فیصل آباد
صفحات: 160 سائز: 8 = 26* 20

طائفہ منصورہ علمائے دیوبند کی دینی مساعی اور خدمات ہمیشہ سے پوری دنیا میں مقبول اور اظہر من الشمس رہی ہیں، بے شمار دیگر خصوصیات کے ساتھ ان حضرات کی ایک خاص امتیازی صفت دین کی حفاظت وحمایت، فرقِ باطلہ کا رد اور گمراہی پر مبنی نظریات وافکار کی قلعی کھولنا ہے۔ یہ ایک یقینی بات ہے کہ انسان ہدایت پانے اور صراط مستقیم پر ثابت قدم رہنے میں ہر لمحہ توفیق باری تعالی کا محتاج ہے، چناں چہ حدیث پاک میں آتا ہے کہ انسان کے دل کی مثال اس پَر کی سی ہے جو کسی چٹیل میدان میں پڑا ہو اور ہوائیں اس کو الٹتی پلٹتی رہتی ہیں، نبی علیہ الصلاة والسلام امت کو سکھانے کے لیے یہ دعا کثرت سے فرمایا کرتے تھے: یا مقلب القلوب ثبت قلبی علی دینک․

موجودہ زمانے میں جاوید احمد غامدی نے اپنے پیش رَو، خود رو مفکرین کی اقتداء میں اسلام کے اجماعی نظریات کی مخالفت اور ان میں شکوک وشبہات پیدا کرنے کا جو نامبارک بیڑا اٹھایا ہے اس میں بد قسمتی سے بعض علمی خانوادوں کے لوگ بھی ان کے شریک کار بن گئے۔ جن میں عمار خان ناصر کا نام سر فہرست ہے، موصوف فکری آزادی کے نام پر نظریاتی بے راہ روی کا پہلے خود شکار ہوئے، پھر اسی نا مبارک رویہ کو قوم وملت میں فروغ دینے کے لیے غامدی صاحب کے شریک کار بنے اور بالآخر ان کے دستِ راست قرار پائے۔
ظاہر ہے ردّ غامدیت پر اور عمار خان ناصر کی ملمع سازی اور تشکیک سے پُر تحریروں کی جرّاحی سے متعلق علمی اور تحقیقی کام تو مختلف اداروں اور شخصیات کی طرف سے بہت کچھ سامنے آچکا ہے۔ لیکن عوام الناس نہ تو تحقیقی مضامین میں دلچسپی رکھتے ہیں اور نہ ہی انہیں سمجھنے کی قابلیت واستعداد، لہٰذا فتنہ غامدیت اور عمار خان ناصر کے بارے میں ملک بھر کے معتمد دینی اداروں اور مستند علماء کرام کے فتاویٰ اور آراء کو مجلہ صفدر کی اس اشاعتِ خاص میں جمع کر دیا گیا ہے۔ ان فتاوی اور آراء کوحاصل کرنے اور جمع کرنے کا عمل مولانا عبد الرحیم چار یاری نے نہایت محنت اور خلوص سے انجام دیا ہے فشکر اللہ مساعیہ
علمائے حق کی اتنی بڑی اکثریت کا کسی شخص یا فرقے کے گمراہ اور راہ راست سے منحرف ہونے پر متفق ہونا جہاں افراد امت کو اس گمراہی سے بچانے اور احقاقِ حق کا ایک بنیادی ذریعہ ہے وہیں عمار خان ناصر، جاوید غامدی اور ان کے پیروکاروں کے لیے ایک دعوتِ فکر اور صراط مستقیم کی طرف رجوع کرلینے کی پُر خلوص اپیل بھی ہے، یقینا عوام الناس کو گمراہی اور فکری لغزشوں سے بچانے کے لیے یہ ایک نہایت ضروری اور مستحسن اقدام ہے۔ یہ قیمتی دستا ویز جامعہ حنفیہ فیصل آباد سے شائع ہوئی ہے۔

النحو الواضح

تالیف: شیخ علی الجارم، مصطفی امین ناشر: زم زم پبلشرز
صفحات: 246 سائز: 8 = 36* 23

علم صرف ونحو علوم عربیہ کے لیے بنیاد اور ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، صرف ونحو میں مہارت کے بغیر عربی کتب سے استفادہ کرنا، درست عبارت پڑھنا اور درست مفہوم اخذ کرنا ممکن نہیں ہے، یہی وجہ ہے کہ مدارس میں صرف ونحو کی تعلیم کو نہایت اہمیت دی جاتی ہے، علماء کرام اسی ضرورت کے پیش نظر علم صرف ونحو سے متعلق مختلف اسالیب میں مختصر اور مفصل تصانیف امت کے سامنے ہر زمانے میں پیش کرتے آئے ہیں۔

زیر نظر کتاب معروف مصری عالم وادیب اور شاعر شیخ علی الجارم اور معروف مصری عالم وصحافی شیخ مصطفی امین کی تصنیف ہے، جو علم نحو کے بارے میں ہے، اس میں نحوی اسباق کی تفہیم کے لیے مثالوں کے ذریعے استنباط کا طریقہ اختیار کیا گیا ہے اور مثالوں کے انتخاب میں طلبہ کی ذہنی سطح کی خاص رعایت رکھی گئی ہے۔

طویل تدریسی تجربے کی روشنی میں تیار کی گئی یہ کتاب اپنے خاص اسلوب اور سدا بہار افادیت کے لحاظ سے علمی دنیا میں ہمیشہ سے تحسین کی نظر سے دیکھی گئی ہے اور پون صدی کے اس عرصے میں عرب وعجم کے متعدد دینی وعصری تعلیمی اداروں کے نصاب میں بھی شامل رہی ہے۔ حال ہی میں اسے زم زم پبلشرز نے شائع کیا ہے، کتاب کا ٹائٹل خوبصورت اور طباعت واشاعت معیاری ہے۔