مبصر کے قلم سے

مبصر کے قلم سے

ادارہ

تبصرہ کے لیے کتاب کے دو نسخے ارسال کرنا ضروری ہے۔ صرف ایک کتاب کی ترسیل پر ادارہ تبصرے سے قاصر ہے۔ تبصرے کے لیے کتابیں صرف مدیر الفاروق یا ناظم شعبہ الفاروق کو بھیجی جائیں۔ (ادارہ)

حجة الوداع وعمرات النبی ﷺ

تالیف: شیخ الحدیث مولانا زکریا کاندھلوی 
ترجمہ: مولانا محمد یوسف لدھیانوی 
ناشر: محمد یوسف صاحب رنگ والے صفحات: 335 سائز:8 = 30*20

اس کتاب کے مقدمے میں محدث العصر حضرت مولانا سید محمد یوسف بنوری a تحریر فرماتے ہیں:

”عبادت میں فریضہٴ حج بیت اللہ الحرام ایک عجیب وغریب عبادت ہے، حج کیا ہے؟ بارگاہ قدس کی تجلیات کا ایک روح پرور نظارہ ہے، ایک مومن قانت اپنی استعداد کے مطابق اس مرکز تجلیات سے اپنا حصہ وصول کرتا ہے۔ اس منبع انوار کے جلووٴں سے نور ایمانی پاتا ہے اور سرچشمہٴ فیضان سے غذائے روحانی کا سامان مہیا کرتا ہی․․․․․ حضرت نبی کریمe نے آخری حج – جو فرضیت حج کے بعد ادا فرمایا- مدینہ طیبہ سے کیا، کس تاریخ کو روانہ ہوئے؟ کب ذوالحلیفہ پہنچے؟ احرام کب اور کیسے باندھا؟ منازل سفر کیسے طے فرمائیں؟ راستے کی ایک ایک منزل پر کیا کیا واقعات پیش آئے؟ اور کیا کیا ہدایات فرمائیں؟ مرکز تجلیات الہی- بیت اللہ- کب پہنچے اور کس انداز میں پہنچے؟ طواف کیسے کیا؟ صفا ومروہ کی سعی کیسے فرمائی؟ منی کو روانگی کب ہوئی اور کس شان سے ہوئی؟ منٰی سے عرفات کب اور کیسے پہنچے؟ وقوف عرفات کب سے کب تک رہا؟ کیا کیا پڑھا؟ کیا کیا مانگا؟ اور کیسے مانگا؟ حق تعالی شانہ کی طرف سے کیا کیا بشارتیں ہوئیں، عرفات سے مزدلفہ کا سفر کیسے ہوا؟ وہاں کب پہنچے؟ نمازیں کیسے پڑھیں؟ رات کیسے گزاری؟ وہاں کیا کچھ مانگا؟ کیسے وقوف فرمایا؟ منی کے لیے کب روانگی ہوئی؟ رمی جمرات کیسے کی؟ حج کی قربانی کیسے کی؟ کتنے جانور ذبح کیے؟ اور کیسے کیے؟ ان راتوں کو اور ان لمحوں کو کیسے ذکر اللہ میں گزارا؟ وہاں امت کو کیا کیا وصیتیں فرمائیں؟ منی سے کب روانگی ہوئی؟ محصَّب کس وقت پہنچے؟ وہاں کتنا ٹھہرے؟ بیت اللہ کا آخری دیدار اور آخری الوداعی طواف کیسے کیا ؟ مدینہ طیبہ واپسی کب ہوئی؟ سفر عشق کے یہ تمام مراحل کتنے عرصے میں طے ہوئے؟ اور حیات مقدسہ کے کتنے ایام باقی تھے؟ حج کے علاوہ عمرے کتنے کیے؟ اور ان تمام اسفار میں کیا کیا واقعات پیش آئے اور کن کن مسائل کی گرہ کشائی فرمائی؟

ان تمام سوالات کے تفصیلی جوابات کے لیے دور حاضر کے سب سے بڑے محدث، عالم، شیخ الحدیث حضرت شیخ مولانا محمد زکریا صاحب صدیقی کاندھلوی ثم المدنی رحمة اللہ علیہ کی کتاب ”حجة الوداع وعمرات النبیe کا مطالعہ کیجیے جو اپنے موضوع پر جامع ترین کتاب ہے۔ یہ کتاب عربی زبان میں تھی جس سے علماء ہی مستفید ہوسکتے تھے۔ حق تعالی برادر محترم مولانا یوسف لدھیانوی مدیر ماہنامہ ”بینات“ نیوٹاوٴن کراچی کو جزائے خیر عطا فرمائے جنہوں نے اس کا اردو ترجمہ کر کے عام مسلمانوں پر احسان فرمایا کہ اس خوان یغما سے ہر شخص فائدہ اٹھا سکے اور عربی نہ جاننے والے دینی علوم سے ناواقف حضرات بھی خوشہ چینی کر سکیں“۔

یہ عظیم علمی روحانی ذخیرہ متعدد بار زیور طباعت سے آراستہ ہوچکا ہے، سدا بہار افادیت اور برکت کے باعث حال ہی میں یہ کتاب جناب خالد یوسف صاحب اور الحاج عتیق الرحمن صاحب کے تعاون سے القاسم اکیڈمی جامعہ ابوہریرہ، ضلع نوشہرہ سے خوب صورت رنگین ٹائٹل اور دستی کتابت کے ساتھ درمیانے کاغذ پر شائع ہوئی ہے۔

تربیتی بیانات

تالیف: مولانا محمد حنیف بن عبد المجید
ناشر: بیت العلم ٹرسٹ صفحات : 192 سائز:16=36*23

علمائے کرام ہمیشہ سے امت کی رہ نمائی کا فریضہ بخوبی سر انجام دیتے رہے ہیں، یقینا منبر ومحراب سے ہونے والی یہ رہنمائی جو ایک عام مسلمان جمعہ کے بیان یا کسی اور اصلاحی وتربیتی نشست سے حاصل کرتا ہے اس کے لیے ساری زندگی کا سرمایہ ہوتی ہے جس پر وہ اپنی دینی سوچ کی بنیاد قائم کرتا ہے اور اس کے مطابق اپنی زندگی کو ڈھالنے کی کوشش کرتا ہے، بسا اوقات مسجد کے امام صاحب سے سنے ہوئے ایک جملے کی بنیاد پر وہ اپنی زندگی کے بڑے بڑے فیصلے کرتا ہے۔

پیش نظر کتاب اصلاحی اور معاشرتی موضوعات پر مشتمل بیانات کا ایک مفید مجموعہ ہے جسے مرتب کرنے کا مقصد اسلامی عقائد کے ساتھ ساتھ معاملات ومعاشرت اور اخلاقیات وآداب کو بھی بیانات کا موضوع بنانے کی ترغیب ہے، اس سلسلے کے سات مفید خطبات اس کتاب میں شامل کیے گئے ہیں جو اپنے طرزِ ترتیب اور اسلوب کے لحاظ سے نہایت مفید اور قابل تقلید واستفادہ ہیں خصوصا نئے علماء وخطباء اپنے بیانات کی تیاری میں ان کو بطور نمونہ سامنے رکھ کر فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ کتاب کی طباعت واشاعت خوب صورت اور معیاری ہے۔