مبصر کے قلم سے

مبصر کے قلم سے

ادارہ

تبصرہ کے لیے کتاب کے دو نسخے ارسال کرنا ضروری ہے۔ صرف ایک کتاب کی ترسیل پر ادارہ تبصرے سے قاصر ہے۔ تبصرے کے لیے کتابیں صرف مدیر الفاروق یا ناظم شعبہ الفاروق کو بھیجی جائیں۔ (ادارہ)

کتابتِ قرآن کریم کے مختلف مراحل اور ان کا تاریخی پس منظر

تالیف: مولانا ڈاکٹر قاری خلیل الرحمن
صفحات: 584 سائز: 16=36*23
ناشر: ادارة المعارف، کراچی

قرآن کریم اللہ تعالیٰ کی طرف سے سے انسانیت کی ہدایت کے لیے بھیجی جانے والی آخری کتاب ہے اور اس کی حفاظت کی ذمہ داری خود اللہ رب العزت نے لی ہے اور فرمایا ہے﴿انا نحن نزلنا الذکر وانا لہ لحافظون﴾، چناں چہ اس کا ایک ایک لفظ اپنی تمام جہتوں اور حیثیتوں کے ساتھ تا قیامت محفوظ رہے گا، خواہ قراء ت اور اداء کے لحاظ سے ہو، کتابت ورسم الخط کے اعتبار سے یا معنی ومطلب کے اعتبار سے، اس کتاب عزیز کے ایک ایک لفظ کو جہاں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے خود صحابہٴ کرام کو پڑھنے کا طریقہ سکھلایا وہیں اس کی کتابت اور رسم الخط کی صحت کا بھی اہتمام وانتظام فرمایا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اجمعین نے حفاظت وجمع قرآن کریم کی ذمہ داری کو احسن طریقے سے نبھایا۔ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے زمانے سے اب تک ہر دور میں قرآن کے رسم الخط اور قراء ت کے علم کو علوم دینیہ میں بنیادی اور اساسی حیثیت کا حامل قرار دیا جاتا رہا ہے۔ زیر نظر کتاب مولانا ڈاکٹر قاری خلیل الرحمن ڈیروی کی تالیف ہے اور دراصل انہوں نے اسے وفاقی اردو یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کرتے ہوئے بطور مقالہ تحریر کیا ہے۔ اس مقالے میں انہوں نے قرآن کے رسم وکتابت اور جمع وحفاظت کے مختلف ادوار اور مراحل کا نہایت تفصیلی جائزہ پیش کیا ہے اور اس سلسلے میں متعدد بیش بہا اور نفیس موضوعات پر سیر حاصل بحث کی ہے۔ یہ کتاب خوب صورت ٹائٹل اور معیاری کتابت کے ساتھ، عمدہ کاغذ پر، ادارة المعارف کراچی سے شائع ہوئی ہے۔

رویت ہلال کے مسائل- ایک تحقیق

تالیف: مفتی عبد الوہاب چاچڑ
ناشر:جامع مسجد مسلمانانِ پنجاب صفحات: 112 سائز: 08=30*20

اسلامی تاریخ وتقویم کی بنیاد رویت ہلال پر ہے اور دین اسلام میں بے شمار احکام کا دار مدار رویت ہلال پر ہے، اس بنا پر روٴیت ہلال کا مسئلہ ابتدائی زمانے سے ہی نہایت اہم اور معرکة الآراء رہا ہے اور ہر زمانے کے اہل علم اس موضوع پر اپنی تحقیقات امت مسلمہ کے سامنے پیش کرتے آئے ہیں، زیر نظر کتاب رویت ہلال کے مسائل پر سندھ کے معروف عالم دین مولانا مفتی عبد الوہاب چاچڑ کا تحقیقی مضمون ہے، جو ماہوار رسالہ ”شریعت“ سکھر میں قسط وار شائع ہوچکا ہے، در حقیقت یہ مضمون سندھی زبان میں تھا، افادہٴ عام کے لیے مولانا کلیم اللہ لغاری نے اس کا اردو میں ترجمہ کردیا ہے۔ اس کے علاوہ کتاب کے آخر میں جھینگے کی شرعی حیثیت سے متعلق دو تحریروں اور علامہ مخدوم ھاشم ٹھٹھوی رحمة اللہ علیہ کے رسالہ”تمام العنایة فی الفرق بین صریح الطلاق والکنایة“ کا اردو ترجمہ کر کے شامل کردیا ہے۔ اگرچہ کتاب کے ٹائٹل پر اس ضمیمہ کا کوئی تذکرہ نہیں کیا گیا۔

یہ کتاب کارڈ ٹائٹل کے ساتھ، عمدہ کاغذ پر شعبہ نشر واشاعت جامع مسجد مسلمانان پنجاب اسکیم 33 کراچی نے شائع کی ہے۔

رفیق ِ حج وعمرہ

تالیف پروفیسر حافظ عبد الشکور
ناشر: بیت المحمود، چکوال صفحات 307 سائز:: 08=30*20

حج اسلام کا ایک اہم رکن اور ایک عظیم الشان عبادت ہے، جو بدنی اور مالی دونوں جہتوں پر مشتمل ہے، حج وعمرہ کے احکام اور فضائل کا موضوع ایک سدا بہار موضوع ہے اور ہر زمانے میں علماء اس کے بارے میں مختصر اور طویل رسائل اور کتب تحریر کرتے آئے ہیں نیز سفری ذرائع کی ایجادات، جغرافیائی تبدیلیوں، نقشوں اور تعمیرات میں جدّت اور توسیعی محنتوں کی وجہ سے ہر زمانے میں اس موضوع پر جدید کتب کی ضرورت مسلّم بھی رہی ہے۔ پروفیسر حافظ عبد الشکور مناسک کے بارے میں طویل تجربہ اور مہارت کے حامل ہیں اور حجاج کرام کو اعمالِ حج وعمرہ کی تعلیم بھی دیتے رہے ہیں۔

موصوف کی یہ کتاب اسی موضوع پر مشتمل ہے، جس میں انہوں نے حج وعمرہ کے ضروری مسائل تحریر کیے ہیں، یہ کتاب بیت المحمود چکوال سے جاذب نظر ٹائٹل کے ساتھ اچھے کاغذ پر شائع ہوئی ہے۔