تبصرہ کے لیے کتاب کے دو نسخے ارسال کرنا ضروری ہے۔ صرف ایک کتاب کی ترسیل پر ادارہ تبصرے سے قاصر ہے۔ تبصرے کے لیے کتابیں صرف مدیر الفاروق یا ناظم شعبہ الفاروق کو بھیجی جائیں (ادارہ)
رحمت ِ عالم صلی الله علیہ وسلم
تالیف: حضرت مولانا سید سلیمان ندوی
صفحات:151 سائز:23×36=16
ناشر: زمزم پبلشرز، کراچی
سیرت نبوی کے مبارک موضوع پر ہر زمانے کے اہل قلم علماء ومحققین نے اپنی سعادت اور ذخیرہٴ آخرت سمجھتے ہوئے قلم اٹھایا ہے، دیگر زبانوں کی طرح اردو زبان میں بھی کتب سیرت کا ایک وقیع ذخیرہ موجود ہے، زیر نظر کتاب معروف اہل قلم حضرت مولانا سید سلیمان ندوی کی سیرت نبوی کے موضوع پر ایک قیمتی تصنیف ہے، آپ نے اس میں اختصار اور تسہیل کو خاص طو رپر پیش نظر رکھا ہے، تاکہ اس سے استفادہ کرکے، کم پڑھے لکھے لوگ اور چھوٹی عمر کے بچے بھی نبی اکرم صلی الله علیہ وسلم کی حیات طیبہ سے روشناس ہو سکیں، اس کتاب کو خاطر خواہ مقبولیت حاصل ہوئی اور کئی زبانوں ہندی، بنگالی اور گجراتی وغیرہ میں اس کا ترجمہ کیا گیا ، ہندوستان میں حیدر آباد دکن، پنجاب، اترپردیش او ربہار وغیرہ کے مختلف مدارس ومکاتب کے نصاب میں یہ کتاب شامل رہی ہے۔
حال ہی میں یہ کتاب عمدہ کا غذ پر، خوب صورت کارڈ ٹائٹل کے ساتھ زمزم پبلشرز نے شائع کی ہے۔
برصغیر میں فقہ حنفی کا ارتقا
تالیف: ڈاکٹر سید انور علی باچا
صفحات:351 سائز:23×36=16
ناشر: شمس پبلشر ضلع صوابی
فقہ حنفی کی عالم گیر مقبولیت اظہر من الشمس ہے، ہمیشہ سے برصغیر کے اس کثیر القومی خطے میں اکثر فقہ حنفی رائج رہی ہے اور اسے یہاں کئی صدیوں تک ملکی قانون اور دستور کی حیثیت بھی حاصل رہی ہے ،اس طویل عرصے میں فقہ حنفی اشاعت وترویج اور تدوین وارتقا کے کئی مراحل سے گزری ہے، زیر نظر کتاب اسی موضوع پر سید انور علی باچا صاحب کے ڈاکٹریٹ کا مقالہ ہے ،جس میں انہوں نے برصغیر میں فقہ حنفی کے شیوع وارتقا کا تحقیقی جائز لیا ہے اور مسلمانوں کی اجتماعی اور انفرادی زندگی میں فقہ حنفی کی عمل داری کا ذکر کیا ہے اور اس پر انہیں علامہ اقبال اوپن یونی ورسٹی کی جانب سے پی ایچ ڈی کی ڈگری دی گئی ہے۔یہ کتاب خوب صورت ٹائٹل کے ساتھ، درمیانہ کاغذ پر، شمس پبلشرز صوابی نے شائع کی ہے۔
زاد الفقیر اردو شرح مقدمہٴ مسلم
تالیف: مولانا محمد جمیل
صفحات:317 سائز:23×36=16
ناشر:مکتبہ رشیدیہ، کوئٹہ۔
حدیث نبوی کی تاریخ میں بعض ادوار ایسے گزرے ہیں کہ جب استکثار فی الحدیث کو مقصود بنفسہ قرار دیا جانے لگا اور صحیح وسقیم اور قوی وضعیف کے مابین امتیاز میں تساہل برتا جانے لگا ، اسی رویہ کی اصلاح اوروضع ِ حدیث کی روک تھام کے لیے امام مسلم رحمہ الله نے اپنی صحیح کو علوم حدیث پر مشتمل ایک مقدمہ سے شروع فرمایا ہے۔ جس میں اپنی کتاب کے راویوں کا ایک اجمالی تعارف، صرف ثقہ راویوں ہی سے روایت اخذ کرنے کی ضرورت، دین میں اسناد کی اہمیت اور حدیث معنعن وغیرہ کے بارے میں کلام فرمایا ہے۔
زیر نظر کتاب صحیح مسلم کے اسی مقدمہ کی شرح ہے جو مولانا محمدجمیل استاذ الحدیث دارالعلوم اسلامیہ لورالائی کی تالیف ہے۔ اس میں مقدمہٴ مسلم کی عبارت پر اعراب، اس کا ترجمہ، حل لغات، مغلق عبارات کی تشریح اور مفہوم ومقصد کے بیان کا اہتمام کیا ہے ۔
یہ کتاب دیدہ زیب ٹائٹل کے ساتھ درمیانے کاغذ پر مکتبہ رشیدیہ، کوئٹہ نے شائع کی ہے۔