تبصرہ کے لیے کتاب کے دو نسخے ارسال کرنا ضروری ہے۔ صرف ایک کتاب کی ترسیل پر ادارہ تبصرے سے قاصر ہے۔ تبصرے کے لیے کتابیں صرف مدیر الفاروق یا ناظم شعبہ الفاروق کو بھیجی جائیں (ادارہ)
جدید فکری مسائل
تالیف: مولانا خالد سیف الله رحمانی
صفحات:676 سائز:23×36=16
ناشر: زمزم پبلشرز، شاہ زیب سینٹر، نزد مقدس مسجد ،اردو بازار، کراچی
مولانا خالد سیف الله رحمانی زید مجدہ کو الله تعالیٰ نے رواں اور سیال قلم عطا فرمایا ہے اور وہ روزنامہ منصف حیدر آباد انڈیا کی درخواست پر ہر جمعہ کی اشاعت میں ”شمع فروزاں“ کے عنوان سے کالم لکھا کرتے ہیں۔
زیر نظر مجموعہ میں ان کے ان کالموں کو موضوع کے اعتبار سے مرتب کیا گیا ہے۔ جلد اول کے ”عرض مرتب“ میں مولانا محمد نعمت الله قاسمی لکھتے ہیں:
”حضرت الاستاذ مولانا خالد سیف اللہ رحمانی مدظلہ (ناظم المعہد العالی الاسلامی حیدر آباد و جنرل سکریٹری اسلامک فقہ اکیڈمی انڈیا) کو اللہ تعالی نے جہاں فقہ اسلامی میں مہارت اور شانِ امتیاز عطا کیا ہے، وہیں احکام شریعت کی مصلحتوں اور فطرت انسانی اور عقل سلیم سے ان کی ہم آہنگی پر بھی ان کی گہری نظر ہے، انھوں نے اپنی تو جہات کا مرکز ان غلط فہمیوں کو بھی بنایا ہے اور اسلام کے خلاف اُٹھائے جانے والی غلط فہمیوں کا شریعت اسلامی اور انسانی عقل سلیم کے تناظر میں مثبت اور دلچسپ انداز میں جواب دیا ہے اور جہاد، تعدد ازدواج، پردہ، طلاق ، ذبح حیوان، یونیفارم سول کوڈ ، تبدیلی مذہب جیسے اہم موضوعات، جن کے بارے میں عام طور پر غلط فہمیاں پھیلائی جاتی ہیں، پر مدلل اور بصیرت مندانہ گفتگو کی ہے، تقریباً چھ سالوں سے آپ ہندوستان کے کثیر الاشاعت اُردو روزنامہ منصف حیدر آباد کے جمعہ ایڈیشن مینارہ نور میں”شمع فروزاں “کے عنوان سے ہر ہفتہ سماجی ، سیاسی، نئے مسائل اور اسلام کے خلاف پھیلائی جانے والی غلط فہمیاں ، جیسے موضوعات پر اپنا مضمون سپر د قلم کرتے ہیں، زبان و بیان کی سلاست و شگفتگی اور رعنائی کے سبب، نیز عام فہم ہونے کی وجہ سے یہ مضامین عوام و خواص میں یکساں طور پر مقبول ہیں ، اس لیے عام دنوں کے مقابلہ جمعہ ایڈیشن خاصی زیادہ تعداد میں شائع ہوتا ہے، یہ مجموعہ روزنامہ منصف میں شائع شدہ ان ہی مضامین کا گل دستہ ہے، احقر نے روزنامہ منصف کی فائلوں سے ان مضامین کو جمع کیا، جو یقینا احقر کے لیے باعث سعادت ہے، جس سے عملی زندگی میں احقر نے بہت ہی فائدہ بھی محسوس کیا اور اب افادہ عام کی غرض سے اسے کتابی شکل میں شائع کیا جا رہا ہے، اس مجموعہ میں مولانا مدظلہ کا 24/آیتیں نامی رسالہ بھی شامل ہے، جو اصل میں وی ، ایچ ، پی والوں کی طرف سے قرآن مجید کی جن آیتوں کو نشانہ بنایا گیا ہے ، اس کا جواب ہے، جو روزنامہ منصف میں ہی پہلی بارسات قسطوں میں شائع ہوا تھا، اس کا ہندی اور گجراتی ترجمہ بھی شائع ہو چکا ہے۔“
یہ مجموعہ چھ جلدوں میں مرتب کیا گیا ہے۔ پہلی جلد 576 صفحات پر مشتمل ہے اور اس میں اسلام پر کیے جانے والے بے جا اعتراضات اور عالم اسلام پر مغرب کی یلغار کے واقعات وغیرہ سے متعلق مضامین ہیں۔ دوسری جلد596 صفحات پر مشتمل ہے اور اس میں مسلم پر سنل لا اور ملی وقومی اور سیاسی مسائل سے متعلق مضامین شامل ہیں۔ تیسری جلد 420 صفحات پر مشتمل ہے اور ا س میں دعوت دین کی اہمیت ، علماء کی ذمہ داری، اسلام دشمن فتنوں کا تعاقب ، سیاست کے میدان میں مسلمانوں کے لیے لائحہ عمل جیسے موضوعات شامل ہیں۔ چوتھی جلد 444 صفحات پر مشتمل ہے اور اس میں علماء کی ذمہ داریاں، تکفیر میں احتیاط، مسلمانوں کے لیے حفاظت خود اختیاری، سرمایہ کاری اورتجارت، ہمسایوں کے ساتھ تعلقات جیسے موضوعات پر مضامین شامل کیے گئے ہیں۔ پانچویں جلد520 صفحات پر مشتمل ہے اور اس میں اتحادِ امت، سماجی برائیوں کا علاج، سود کی شناعت اور بعض اخلاقی مفاسد سے متعلق مضامین شامل اشاعت ہیں۔ جب کہ چھٹی جلد592 صفحات پر ہے اور اس میں دینی تعلیم، دینی مدارس ، علماء کے فرائض، عصری تعلیم کی اہمیت اور طریقہ کار، بچوں کی تربیت اور اساتذہ کی ذمے داریاں، اسلامی یاد گار تاریخوں اور مہینوں سے متعلق مضامین شامل اشاعت کیے گئے ہیں۔
عصر حاضر میں اسلامی حوالے سے جن موضوعات پر لکھنے کی ضرورت پڑ سکتی ہے، اس مجموعہ میں تقریباً ان تمام موضوعات کا احاطہ کیا گیا ہے۔ یہ مجموعہ عوام وخواص سب کے لیے مفید ہے اور اسلام کے خلاف پھیلائی جانے والی غلط فہمیوں کے ازالہ میں مؤثر ثابت ہو گا۔
کتاب کی طباعت واشاعت خوب صورت ومعیاری ہے۔