تبصرہ کے لیے کتاب کے دو نسخے ارسال کرنا ضروری ہے۔ صرف ایک کتاب کی ترسیل پر ادارہ تبصرے سے قاصر ہے۔ تبصرے کے لیے کتابیں صرف مدیر الفاروق یا ناظم شعبہ الفاروق کو بھیجی جائیں (ادارہ)
ذکر المرسلین ترجمہ قصص النبیین
تالیف: مولانا یوسف ماما کفلیتوی
سائز:23×36=16
ناشر: زمزم پبلشرز، شاہ زیب سینٹر، نزد مقدس مسجد ، اردو بازار ، کراچی
مولانا ابو الحسن علی ندوی رحمة الله علیہ کی تصنیفات وتالیفات کو الله تعالیٰ نے بڑی قبولیت عطا فرمائی ہے، ان کی مقبول ترین کتابوں میں ان کی کتاب ”قصص النبیین“ بھی ہے، جو چھوٹے بچوں کوعربی زبان سکھانے کے لییترتیب دی گئی ہے اور اس میں انبیاء کرام کے حالات واقعات کو قرآنی آیات کی روشنی میں سہل اور خوب صورت انداز واسلوب میں بیان کیا گیا ہے، اس سے ایک طرف بچے عربی زبان سے مانوس ہوتے ہیں اور دوسری طرف ان کی تربیت کے حوالے سے بھی یہ ایک عمدہ اور قابل قدر کاوش ہے۔ دارالعلوم دیوبند کے فاضل مولانا یوسف ماما صاحب رحمة الله علیہ نے مبتدی طلبہ کی سہولت کے لیے اس کا اردو ترجمہ کیا ہے۔ عبارت کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کرکے ساتھ ساتھ ترجمہ لکھا گیا ہے اور حاشیہ میں الفاظ وکلمات کی لغوی تحقیق پیش کی گئی ہے۔” قصص النبیین“ کے پانچ حصوں کا یہ ترجمہ تین جلدوں میں شائع ہوا ہے۔ جلد اول کی ابتداء میں کتاب، ترجمہ اور مؤلف ومترجم کا تعارف پیش کیا گیا ہے۔ نیز اس میں”قصص النبیین“
جزء اول اور دوم کا ترجمہ شامل ہے۔ جزء اول کا ترجمہ101 صفحات اور جزء دوم کا ترجمہ 92 صفحات پر مشتمل ہے۔ دوسری جلد میں جزء ثالث اور رابع کا ترجمہ شامل کیا گیا ہے۔ جزء ثالث کا ترجمہ232 صفحات اور رابع کا185 صفحات پر مشتمل ہے۔ تیسری جلد میں جزء خامس کا ترجمہ شامل کیا گیا ہے، جو 475 صفحات پر مشتمل ہے۔
”قصص النبیین“
کا یہ ترجمہ جس طرح طلبہ کے لیے مفید اورباعث سہولت ہے، اس طرح ”قصص النبیین“
پڑھانے والے معلمین کے لیے بھی بوقت ضرورت معاون ومدد گار ثابت ہو گا۔
یہ کتاب خوب صورت ٹائٹل کے ساتھ درمیانے کاغذ پر شائع کی گئی ہے۔
رحمت عالم صلی الله علیہ وسلم
تالیف: مولانا سید سلیمان ندوی
صفحات:152 سائز:23×36=16
ناشر: زمزم پبلشرز، شاہ زیب سینٹر، نزد مقدس مسجد، اردو بازار، کراچی۔
سیرت کا موضوع بڑا دلچسپ اور اہم موضوع ہے اور اس موضوع پر عام طور پر علماء ومحققین نے قلم اٹھایا ہے۔ مولانا سید سلیمان ندوی کا نام نامی بھی اس حوالے سے مانوس ومعروف ہے ۔ سیرت کی زیر نظر کتاب ان کی تالیف ہے اور یہ کتاب انہوں نے ابتدائی تعلیم حاصل کرنے والے بچوں اور نوجوانوں کے لیے جامع، مختصر اور عام فہم انداز میں تالیف کی ہے۔ کتاب کے متعلق وہ لکھتے ہیں:
”اسلام کا گل دستہ جس دھاگے سے بندھا ہے وہ رحمت عالم صلی الله علیہ وسلم کا وجود مبارک ہے، اس لیے ضرورت ہے کہ اس وجود پاک صلی الله علیہ وسلم کے سوانح کا ایک ایک حرف ہر مسلمان کے کان تک پہنچ جائے تاکہ یہ رشتہ مضبوط سے مضبوط تر ہوتا چلا جائے۔ اس کی مناسب صورت یہ ہے کہ ہر چھوٹے بڑے تک رسول الله صلی الله علیہ وسلم کے نام، کام اور پیغام کو پہنچا دیا جائے۔ ایک زمانے سے دوستو کا اصرار تھا کہ چھوٹے لڑکوں اور معمولی لکھے پڑھے لوگوں کے لیے سیرت کی ایک ایسی چھوٹی سی کتاب لکھوں جس کا پڑھنا اور سمجھنا سب کے لیے آسان ہو اور پھر اس میں کوئی اہم بات چھوٹنے بھی نہ پائے۔
دوستوں کی اسی فرمائش کی تعمیل میں یہ مختصر سی سیرت لکھنے کی سعادت حاصل ہوئی، اس میں عبارت کی سادگی، طرزِ ادا کی سہولت اور واقعات کے سلجھاؤ کا خاص خیال رکھا گیا ہے تاکہ چھوٹی عمر کے بچے اورمعمولی سمجھ کے حامل لوگ بھی اس سے فائدہ اٹھاسکیں او راسکولوں اور مدرسوں کے کورسوں میں رکھی جاسکے۔“
مولانا کی حیات ہی میں کتاب کو بڑی پزیدائی ملی۔ دکن، پنجاب، یوپی اور بہار کے مختلف اسلامی مدراس او رمکتبوں کے نصاب میں یہ کتاب شامل ہوئی۔ سیرت طیبہ سے نوجوان نسل کو روشناس کرانے کے لیے اب اس کتاب کو زمزم پبلشرز اردو بازار کراچی نے شائع کیا ہے۔ کتاب کا ورق عمدہ ہے اور کارڈ ٹائٹل کے ساتھ شائع ہوئی ہے ۔ اس کی طباعت میں معیار کا خیال رکھا گیا ہے۔