تبصرہ کے لیے کتاب کے دو نسخے ارسال کرنا ضروری ہے۔ صرف ایک کتاب کی ترسیل پر ادارہ تبصرے سے قاصر ہے۔ تبصرے کے لیے کتابیں صرف مدیر الفاروق یا ناظم شعبہ الفاروق کو بھیجی جائیں (ادارہ)
تبلیغی واصلاحی خطبات(12جلدیں)
تالیف: پروفیسر حافظ عبدالشکور
سائز:23×36=16
ناشر: ادارہ تالیفات اشرفیہ، چوک فوارہ، ملتان، پاکستان
پروفیسر حافظ عبدالشکور، مولاناسرفراز خان صفدر کے شاگردہیں، ڈاکٹر عبدالحئی عارفی رحمة الله علیہ سے ان کا اصلاحی تعلق رہا ہے۔ ان کی وفات کے بعد شیخ الحدیث مولانا صوفی محمد سرور سے اصلاحی تعلق قائم کیا اوران کے خلیفہ مجاز بھی ہیں۔ دو سال پاکستان ائیرفورس میں خطبائکے نگران رہے ہیں او را س کے بعد تعلیمی شعبہسے وابستہ ہو گئے، البتہ خطابت زندگی بھر ان کا اوڑھنا بچھونا رہی اور اب تک وہ خطیب کے فرائض ذوق وشوق سے انجام دے رہے ہیں۔ زیر نظر تبلیغی واصلاحی خطبات کا مجموعہ ان کے اسی ذوق کا عکاس ہے، جس میں انہوں نے مختلف دینی واصلاحی عنوانات پر خطبات مرتب کیے ہیں۔ ہر خطبے کے آخر میں مصادر ومراجع کی فہرست بھی دی گئی ہے۔ پہلے ان خطبات کی چھ جلدیں شائع ہوئیں اور اب مزید چھ جلدیں شائع کی گئی ہیں، اس طرح اس مجموعے کی کل بارہ جلدیں ہو گئی ہیں اوران میں تقریباً ساڑھے چارسو کے قریب خطبات جمع ہو گئے ہیں۔ پہلی جلد510 صفحات، دوسری جلد448، تیسری جلد656 ،چوتھی جلد526 ، پانچویں جلد416، چھٹی جلد512 ، ساتویں جلد510 ، آٹھویں جلد523 ، نویں جلد494، دسویں جلد458، گیارہویں جلد495 اور بارہویں جلد422 صفحات پر مشتمل ہے، جب کہ پہلی جلد میں 45 خطبات، دوسری جلد میں 40 ، تیسری جلد میں 44، چوتھی جلدمیں41، پانچویں جلدمیں31 ، چھٹی جلدمیں43 ، ساتویں جلدمیں37، آٹھویں جلد میں35 ، نویں جلد میں33، دسویں جلد میں35، گیارہویں جلد میں 40 اور بارہویں جلد میں24 خطبات شامل کیے گئے ہیں۔
یہ خطبات ایمانیات، اخلاقیات، معاملات، معاشرت، سیرت نبوی، اہل بیت اور صحابہ واسلاف وغیرہ مختلف موضوعات پر مرتب کیے گئے ہیں اوران میں سال بھر کے مختلف اسلامی عنوانات شامل کر دیے گئے ہیں۔ بعض خطبات کے عنوانات بطور نمونہ کے یہاں نقل کیے جاتے ہیں: بے یقینی کی دنیا میں یقین کی دولت، اسلام اور تعمیر شخصیت، والدین کی قدر کیجیے، تجارت دین بھی دنیا بھی، اسلامی تہذیب، اپنے گھر کو بچائیے، مقام شہادت، زندگی کے قرینے، بدنظری سے بچئے ، اپریل فول، آپ موبائل کیسے استعمال کریں۔
خطبات کا یہ مجموعہ اپنے موضوع پر ایک عمدہ اور بہترین کاوش ہے اور خطباء کے لیے ایک انمول تحفہ ہے کہ وہ اس سے سال بھر کے موضوعات پر اپنے خطبات کی تیاری آسانی وسہولت کے ساتھ کرسکتے ہیں۔ البتہ اس میں ایک موضوع کو بسا اوقات مختلف جلدوں میں بکھیر دیا گیا ہے، اگر موضوعات کو مرتب کر دیا جائے او رایک موضوع کے خطبات ترتیب کے ساتھ ایک جگہ میسر آجائیں تو اس سے استفادہ میں سہولت وآسانی ہوگی۔ الله تعالیٰ اس کاوش کو اپنی بارگاہ میں شرف قبولیت عطا فرمائے اور امت کی اصلاح کا ذریعہ بنائے۔
کتاب کی طباعت واشاعت درمیانے درجے کی ہے، جب کہ آخری چھ جلدوں میں معیار کا قدرے زیادہ خیال رکھا گیا ہے۔ ملنے کا پتہ ہے: عارف برادرز، سینٹر ی سٹور، تلہ گنگ روڈ، سبزی منڈی، چکوال، پنجاب
البلاغة الصافیة(تسہیل مختصر المعانی)
تالیف: مولانا محمد انور بدخشانی
صفحات:424 سائز:20×30=8
ناشر: مکتبہ زم زم، شاہ زیب سینٹر، نزد مقدس مسجد، اردو بازار، کراچی
برصغیر پاک وہند اور اس کے قرب وجوار کے علاقوں میں علامہ قزوینی رحمة الله علیہ کی” تلخیص المفتاح“ اور علامہ تفتازانی رحمة الله علیہ کی تالیف کردہ اس کی دونوں شروحات” مختصر المعانی“ اور” مطول“ بلاغت کے حوالے سے انتہائی اہمیت کی حامل رہی ہیں اور درس نظامی کے نصاب میں طویل عرصہ سے شامل نصاب رہی ہیں۔
”مختصر المعانی“ اب بھی وفاق المدارس کے نصاب میں شامل ہے۔اس کا انداز واسلوب چوں کہ مشکل ہے اور طلبہ کے لیے اس سے استفادہ کرنا اور بلاغت کے مباحث کو سمجھنا بسا اوقات مشکل ہو جاتاہے، لہٰذا زیر نظر کتاب میں جامعة العلوم الاسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن کے استاذ حدیث مولانا محمدانور بدخشانی نے مختصر المعانی کی تلخیص، تہذیب اور تسہیل کی ہے اور اس کا نام انہوں نے ”البلاغة الصافیہ“ رکھا ہے، جس میں علم بلاغت کے اصول ومبادی کو مختصر، جامع اور خوب صورت انداز واسلوب میں پیش کیا گیا ہے، بعض دوسری کتابوں سے بعض مفید مباحث کا اضافہ بھی کیا گیا ہے، کتاب کی ابتداء میں ایک مقدمہ شامل ہے، جس میں علم بلاغت کی ابتداء وارتقاء، بلاغت کے ماہرین علما اور ان کے اسالیب اور بلاغت کی اہم اوربنیادی کتابوں کا تعارف پیش کیا گیا ہے۔ اس طرح اپنے موضوع پر یہ ایک جامع اور آسان کتاب مرتب ہوگئی ہے، اس سے علماء وطلبہ کے لیے بلاغت کے مباحث کو سمجھنا آسان ہوجائے گا۔
یہ کتاب درمیانے ورق پر خوب صورت انداز میں شائع کی گئی ہے۔