الْحَمْدُ لِلَّہِ رَبِّ الْعَالَمِینَ، وَالصَّلَاةُ وَالسَّلَامُ عَلَی النَّبِیِّ الْکَرِیمِ، وَعَلَی آلِہِ وَأَصْحَابِہِ أَجْمَعِینَ.
بڑی خوشی کی بات ہے کہ ہمارے مسلم بچوں کی اچھی خاصی تعداد اب اسکول و کالج تعلیم حاصل کرنے جاتی ہے، مگر انتہائی افسوس اور فکر کی بات ہے کہ اسکول و کالج میں رائج تعلیمی نظام کی وجہ سے ہمارے بچے اُس ذات اقدس کی زندگی کے مختصر احوال سے بھی واقف نہیں ہو پاتے جس کی زندگی کو اللہ تعالیٰ نے قیامت تک آنے والے تمام انسانوں کی کام یابی کے لیے نمونہ بنا کر پیش کیا ہے، جیسا کہ قرآن کریم میں ہے:حقیقت یہ ہے کہ تمہارے لیے رسول اللہ کی ذات میں ایک بہترین نمونہ ہے ہر اُس شخص کے لیے جو اللہ سے اور آخرت کے دن سے امید رکھتا ہو اور کثرت سے اللہ کا ذکر کرتا ہو۔ (سورة الاحزاب :21) غرضیکہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کا ایک ایک لمحہ قیامت تک آنے والے انسانوں کے لیے نمونہ ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے حبیب حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی تمام سنتوں کو آج بھی زندہ کر رکھا ہے، اگر اجتماعی طور پر نہیں تو انفرادی طور پر ضرور عمل ہو رہا ہے۔
آخری نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت سے متعلق مختصر معلومات 100 سوال وجواب کی صورت میں اس امید کے ساتھ پیش کر رہا ہوں کہ آپ خود بھی پڑھیں اور اپنے بچوں کویہ سوال و جواب یاد کرائیں۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی عمر مبارک 63سال کی رہی تھی ۔ نبوت کے بعد صرف 23سال میں ایسا انقلاب آیا کہ آج بھی دنیا کے چپہ چپہ میں 24گھنٹے ،ہر وقت، ہرلمحہ اللہ تعالیٰ کے ایک ہونے کی شہادت کے ساتھ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے رسول ہونے کی گواہی دی جاتی ہے اور ان شاء اللہ قرب قیامت تک یہ سلسلہ جاری رہے گا:
∗…نبی اور رسول کسے کہتے ہیں؟ جواب:اللہ تعالیٰ کے پیغام کو انسانوں تک پہنچانے والے شخص کو نبی اور رسول کہتے ہیں۔
∗…سیرت نبوی کسے کہتے ہیں؟ جواب:حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کے زندگی کے احوال بیان کرنے کو سیرت کہتے ہیں۔
∗…دنیا کے سب سے آخری نبی اور رسول کا نام کیا ہے؟ جواب محمد صلی اللہ علیہ وسلم ۔
∗…آخری نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا دوسرا نام کیا ہے؟ جواب:احمد صلی اللہ علیہ وسلم ۔
∗…حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کون ہیں؟ جواب:اللہ تعالیٰ کے بندہ اور اس کے آخری رسول ہیں۔
∗…حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا نام لکھنے یا پڑھنے یا سننے پر ہمیں کیا کہنا چاہیے؟ جواب :صلی اللہ علیہ وسلم ۔
∗…آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی پیدائش کس سن عیسوی میں ہوئی تھی ؟ جواب:آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی پیدائش 571ء میں ہوئی تھی۔
∗…کونسے مہینے میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی پیدائش ہوئی ؟ جواب:ربیع الاول کے مہینہ میں۔
∗…حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کہاں پیدا ہوئے ؟ جواب: آپ صلی اللہ علیہ وسلم مکہ مکرمہ میں پیدا ہوئے۔
∗…حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے والد کا نام کیا ہے؟ جواب: آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے والد کا نام حضرت عبداللہ ہے۔
∗…حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی والدہ کا نام کیا ہے؟ جواب: آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی والدہ کا نام حضرت آمنہ ہے۔
∗…حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے دادا کا نام کیا ہے؟ جواب: آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے دادا کا نام حضرت عبدالمطلب ہے۔
∗…حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی دادی کا نام کیا ہے؟ جواب: آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی دادی کا نام حضرت فاطمہ بنت عمر و ہے۔
∗…حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا تعلق کس قبیلہ سے ہے؟ جواب:قریش قبیلہ سے آپ کا تعلق ہے۔
∗…حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا تعلق کس خاندان سے ہے؟ جواب:بنو ہاشم خاندان سے آپ کا تعلق ہے۔
∗…حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے والد کی قبر کہاں ہیں؟ جواب : مدینہ منورہ میں۔
∗…جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی والدہ کا انتقال ہوا تو آپ سال کی عمرکتنی تھی؟ جواب:آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی عمر 6سال کی تھی۔
∗…حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی والدہ کی قبر کہاں ہیں ؟ جواب : مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ کے راستہ میں ابواء مقام پر ۔
∗…جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے دادا کا انتقال ہوا تو آپ کی عمر کتنی تھی؟ جواب:آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی عمر مبارک 8سال کی تھی۔
∗…حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے دادا ( حضرت عبد المطلب ) کی قبر کہاں ہیں؟ جواب:مکہ مکرمہ میں۔
∗…دادا کے انتقال کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی پرورش کس نے کی؟ جواب:آپ صلی الله علیہ وسلم کے چچا حضرت ابو طالب نے۔
∗…آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی والدہ کے علاوہ اس خاتون کا نام بتائیے جنہوں نے ہمارے نبی کو دودھ پلایا ؟ جواب:حضرت حلیمہ سعدیہ۔
∗…شق صدر ( سینہ چاک کرنے) کا واقعہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی میں کتنی بار پیش آیا ؟ جواب:چار مرتبہ ۔
∗…شق صدر کا پہلا واقعہ کب پیش آیا ؟ جواب:جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی عمر چار سال تھی اور آپ حضرت حلیمہ سعدیہ کے گھر پر تھے۔
∗…آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے کتنے چچایا تایا ہیں؟ جواب: آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے 9یا11 چچا/ تایا ہیں۔
∗…آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی کتنی پھوپھیاں ہیں ؟ جواب: آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی 6پھوپھیاں ہیں۔
∗…حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے دو چچا کے نام بتائیے جو اسلام لائے ؟ جواب:حضرت حمزہ اور حضرت عباس رضی اللہ عنہما۔
∗…نبوت سے قبل آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو عرب لوگ کس لقب سے پکارتے تھے؟ جواب:صادق (سچا) اور امین (امانت دار ) ۔
∗…حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا ملک شام کا پہلا سفر کب ہوا ؟ جواب: جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی عمر مبارک 12سال کی تھی۔
∗…حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا ملک شام کا پہلا سفر کس کے ساتھ ہوا ؟ جواب :ملک شام کا پہلا سفر حضرت ابو طالب کے ساتھ ہوا۔
∗…حضور ا کرم صلی اللہ علیہ وسلم کا ذریعہ معاش کیا تھا؟ جواب: مزدوری پر بکریاں چرانا اور تجارت۔
∗…حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی پہلی بیوی کا نام بتائیے؟ جواب: حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا، جو ایک بیوہ خاتون تھیں۔
∗…حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا سے شادی کے وقت آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی عمر کتنی تھی ؟ جواب:25 سال۔
∗…شادی کے وقت حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا حضوراکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے کتنے سال بڑی تھیں ؟ جواب:15 سال بڑی تھیں ۔
∗…حضرت خدیجہ رضی الله عنہا کی وفات کے وقت حضوراکرم صلی الله علیہ و سلم کی عمر کتنی تھی؟ جواب:50 سال۔
∗…حضور اکرم صلی الله علیہ وسلم پر پہلی وحی کہاں نازل ہوئی؟ جواب: غار حراء(مکہ مکرمہ) میں۔
∗…جب پہلی مرتبہ وحی نازل ہوئی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی عمرکتنی تھی؟ جواب:آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی عمر40 سال تھی۔
∗…آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس وحی لانے والے فرشتے کا نام کیا ہے؟ جواب:حضرت جبرئیل علیہ السلام ۔
∗…آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر سب سے پہلے قرآن پاک کی کونسی سورت نازل ہوئی ؟ جواب :سورة العلق (اقرأ)کی ابتدائی چند آیات۔
∗…پہلی وحی میں اللہ کی طرف سے پہلا حکم آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو کیا دیا گیا؟ جواب: اقر آیعنی پڑھیے۔
∗…کتنے دنوں میں پورا قرآن نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم پر نازل ہوا؟ جواب: 23سال میں۔
∗…ہمارے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا سب سے بڑا معجزہ کیا ہے؟ جواب:قرآن کریم ۔
∗…مہر نبوت حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے جسم کے کس حصہ میں تھی ؟ جواب :دونوں کندھوں کے درمیان۔
∗…حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم پر سب سے پہلے کون مرد ایمان لائے ؟ جواب:حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ۔
∗…حضرت محمدصلی اللہ علیہ وسلم تمام عمر کہاں رہے؟ جواب: تقریباً 53سال کی عمر تک مکہ میں اور تقریبا 10سال مدینہ منورہ میں رہے۔
∗…قرآن مجید نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم پر ایک مرتبہ اترایا تھوڑا تھوڑا ؟ جواب تھوڑا تھوڑا نازل ہوا، کبھی ایک آیت اور کبھی دو یاچار آیتیں۔ کبھی ایک سورہ، جیسی ضرورت ہوتی گئی اتر تا گیا۔
∗…حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی صاحب زادیوں کے نام کیا ہیں؟ جواب: حضرت زینب، رقیہ،ام کلثوم اور فاطمہ رضی اللہ عنہن ۔
∗…حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سب سے چھوٹی صاحب زادی کا نام کیا ہے؟ جواب: حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا۔
∗…حضرت فاطمہ کی شادی کس کے ساتھ ہوئی تھی؟ جواب: حضرت علی رضی اللہ عنہ کے ساتھ۔
∗…آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے نواسوں کے نام بتائیں، جن سے آپ بہت محبت کرتے تھے ؟ جواب:حضرت حسن اور حسین رضی اللہ عنہا۔
∗…آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے تین داماد کون کون تھے؟ جواب: حضرت ابو العاص ، حضرت عثمان اور حضرت علی رضی اللہ عنہما۔
∗…حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے صاحب زادوں کے نام کیا ہیں؟ جواب:حضرت قاسم، عبداللہ اور ابراہیم رضی اللہ عنہم ۔
∗…حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کی وفات کے بعد آپ نے کس سے نکاح کیا ؟ جواب:حضرت سودہ رضی اللہ عنہا (ایک بیوہ خاتون)۔
∗…معراج کا واقعہ کب ہوا؟ جواب:نبوت کے گیارہویں سال میں معراج کا واقعہ پیش آیا۔
∗…آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو معراج کا سفر کس سواری پر کرایا گیا ؟ جواب :براق پر۔
∗…جب آپ صلی الله علیہ وسلم کو معراج کے سفر پر لے جایا گیا تو آپ اُس وقت کہاں تھے؟ جواب:حضرت ام ہانی (مکہ مکرمہ ) کے مکان پر۔
∗…معراج کا واقعہ نیند کی حالت میں ہوا یا جاگنے کی حالت میں؟ جواب: جاگنے کی حالت میں ۔
∗…انسانی تاریخ کا سب سے لمبا سفر بتائیں؟ جواب: سفر معراج واسراء
∗…حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے انبیائے کرام کی امامت کہاں کی تھی ؟ جواب: بیت المقدس (مسجد اقصیٰ میں )۔
∗…غار حراء و غار ثور کہاں واقع ہیں؟ جواب :مکہ مکرمہ میں۔
∗…جس اونٹنی پر سوار ہو کر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے مدینہ منورہ ہجرت فرمائی اس کا نام بتائیے؟ جواب: اس اونٹنی کا نام قصواء تھا۔
∗…ہجرت کے وقت آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ہمراہ کون تھے؟ جواب:حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ۔
∗…ہجرت کے وقت آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے بستر پر کس کو سلایا تھا ؟ جواب: حضرت علی مرتضی رضی اللہ عنہ۔
∗…ہجرت کے وقت آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے کسی غار میں پناہ لی تھی ؟ جواب: غار ثور میں ۔
∗…اسلام میں سب سے پہلی مسجد کا نام بتائیں ؟ جواب:مسجد قبا ء قبا بستی میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے مدینہ پہنچنے سے پہلے قیام کیا تھا۔
∗…مدینہ منورہ پہنچنے کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم کس کے مکان پر قیام پذیر ہوئے ؟ جواب:حضرت ابوایوب انصاری رضی اللہ عنہ۔
∗…مدینہ منورہ پہنچنے کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے جو مسجد تیار کی اس کا نام کیا ہے؟ جواب:مسجد نبوی۔
∗…وہ کون سی دو نمازیں ہیں جن کے خاص اہتمام کی حضور نے تاکید فرمائی ؟ جواب:فجر اور عصر ۔
∗…ان شہید کا نام بتائیے جن کو حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے سید الشہداء کا لقب دیا ؟ جواب:حضرت حمزہ رضی اللہ عنہ۔
∗…نعت کے کہتے ہیں؟ جواب:وہ اشعار جو حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی تعریف و منقبت میں لکھے جاتے ہیں۔
∗…نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے آخری وصیت میں پانچ ارکان میں سے کس رکن کے اہتمام کو کہا؟ جواب: نماز۔
∗…اللہ کا وہ کونسا حکم ہے جس کے ادانہ کرنے پر نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے بچے کی پٹائی کا حکم دیا ؟ جواب: نماز ۔
∗…نماز کب فرض ہوئی ؟ جواب: واقعہ معراج کے موقع پر مکی زندگی میں۔
∗…روزہ کب فرض ہوا ؟ جواب:سن2 ہجری میں ۔
∗…زکوة کب فرض ہوئی ؟ جواب : سن 3 ہجری میں ۔
∗…اسلام کی پہلی اہم جنگ (غزوہ بدر )کب ہوئی ؟ جواب:2سن ہجری میں ۔
∗…غزوہ بدر میں مسلمانوں کی تعداد بتائیے؟ جواب:313۔
∗…اسلام کی دوسری اہم جنگ ( غزوہٴ احد )کب ہوئی ؟ جواب:سن 3ہجری میں۔
∗…جنگ احد میں مسلمانوں کی تعداد کتنی تھی ؟ جواب :700۔
∗…کس غزوہ میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے دندان مبارک شہید ہوئے تھے؟ جواب: غزوہ احد میں ۔
∗…شراب پینا کب حرام ہوا ؟ جواب:سن 4ہجری میں۔
∗…عورتوں کے لیے پردہ کرنے کا حکم کب ہوا؟ جواب:سن5ہجری میں۔
∗…صلح حدیبیہ کب ہوئی؟ جواب: سن6 ہجری میں۔
∗…مکہ مکرمہ کب فتح ہوا؟ جواب:سن 8ہجری میں ۔
∗…غزوہ تبوک کب پیش آیا ؟ جواب:سن 9ہجری میں ۔
∗…حج کس سن میں فرض ہوا ؟ جواب :سن 9ہجری میں ۔
∗…حجة الوداع کس کو کہتے ہیں؟ جواب:حضوراکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک ہی مرتبہ حج کیا ،جس کو حجة الوداع کہا جاتا ہے۔
∗…اس حج کو حجة الوداع کیوں کہتے ہیں؟ جواب:آپ صلی اللہ علیہ وسلم اس سفر سے واپسی کے تقریباً دو ماہ بعد اس دنیا سے رخصت ہو گئے، اور یہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا پہلا اور آخری حج تھا، اس لیے اس حج کو حجة الوداع کہتے ہیں۔
∗…آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے حج (حجة الوداع )کب کیا؟ جواب:سن10 ہجری میں ۔
∗…کونسے مہینے میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات ہوئی ؟ جواب: ربیع الاول کے مہینہ میں۔
∗…آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات کی تاریخ اور دن کیا ہے؟ جواب : 12ربیع الاول، پیر کا دن ۔
∗…حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کہاں دفن ہیں؟ جواب: مدینہ منورہ میں (حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کے حجرہ میں )۔
∗…صحابی کسے کہتے ہیں؟ جواب:حضور اکرم صلی اللہ کے پکے سچے مسلمان دوست، جنہوں نے حضور ا کرم صلی اللہ علیہ وسلم کودیکھا۔
∗…حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات کے بعد مسلمانوں کا خلیفہ کون بنا؟ جواب:حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ۔
∗…نبی اکرم ا کو کون سا رنگ زیادہ پسند تھا؟ جواب : سفید۔
∗…حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا عام لباس کیا ہوتا تھا ؟ جواب لنگی، قمیص، عمامہ ٹوپی اور چادر ۔
∗…حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے کتنے حج اور عمرہ کیے؟ جواب:ایک حج اور چار عمرہ۔
∗…حدیث کسے کہتے ہیں؟ جواب:حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے قول و عمل کو حدیث کہتے ہیں، یعنی جو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا یا عمل کیا اُسے حدیث کہتے ہیں۔
∗…حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم ہفتہ کے کن دنوں میں روزے رکھنے کا اہتمام کرتے تھے؟ جواب:پیر اور جمعرات۔
∗…حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم پانچ نمازوں کے علاوہ کس نماز کا خاص اہتمام کرتے تھے؟ جواب:تہجد کی نماز۔
آخری نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت سے متعلق 100 سوال وجواب تحریر کر دیے ہیں۔ اس کے علاوہ بھی ہمیں سیرت نبوی کی دیگر کتابوں کا مطالعہ کرنا چاہیے اور ہمیں اپنے قول و عمل سے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے مشن کو آگے بڑھانا چاہیے۔