وطن عزیز مملکت خدادا پاکستان کے باسی اس وقت کئی آزمائشوں کا شکار ہیں، ایک آزمائش ختم نہیں ہوتی کہ دوسری گھیر لیتی ہے۔ اس وقت اہل وطن کا بڑا مسئلہ ملک کی دگرگوں معاشی صورت سے پیدا ہونے والی مہنگائی ہے، جس میں آئے روز اضافہ ہوتا رہتا ہے اوراشیاء کی قیمتوں کو قرار اور استحکام حاصل نہیں ہے، خصوصاً روز مرہ کی اشیاء خوردنی کی قیمت آج سے تین چار سال پہلے کی بنسبت کئی گنا زیادہ ہوگئی ہے، جب کہ ہمارے ملک کی آبادی کا بہت بڑا حصہ یا تو غریب ہے اور یا متوسط درجے کا ہے، لہٰذا آبادی کا ایک بہت بڑا حصہ مہنگائی سے بہت زیادہ متاثر ہے اورانتہائی کرب واضطراب کی حالت میں ہے۔
ابھی مہنگائی کے اس طوفان سے اہل وطن گزرے رہے تھے جوتھمنے کا نام ہی نہیں لے رہا کہ اسی دوران ملک کی آبادی کا ایک بڑا حصہ بارشوں اور سیلاب کی زد میں آگیا، جس سے اہل وطن کو جانی، مالی اور معاشی اعتبار سے بہت زیادہ نقصان ہوا ہے، ملک کی ایک بڑی آبادی رہنے کے مکان اور چھت سے بھی محروم ہوگئی ہے، پہلے گرانی اتنی زیادہ ہے، جب کہ سیلاب کی زد میں آنے والے علاقوں میں لوگوں نے صرف اپنی جان بچائی ہے اور بعض جگہ جانی نقصان بھی ہوا، جب کہ ان کے مال ، مویشی، فصلیں او رگھر کا ساز وسامان تک سیلاب اور پانی کی نظر ہو گیا ہے۔
ابھی سیلاب کا پانی تھما ہی تھاکہ اس کے نتیجے مں پیدا ہونے والی صورت حال سے مختلف وبائی امراض جنم لے رہے ہیں اور پہلے سے مصیبت زدہ لوگوں کے لیے مزید اذیت اور تکلیف کا باعث بن رہے ہیں، کتنے لوگوں کی جانیں ان مختلف قسم کے موذی امراض کی نظر ہو گئی ہیں۔
ایسی صورت حال ہم سے رجوع إلی الله کا تقاضا کرتی ہے کہ ہم بارگاہ ایزدی میں اپنے گناہوں سے توبہ واستغفار کریں، احکام خدا وندی پر عمل پیرا ہونے کی بھرپور کوشش کریں، دوسروں کے حقوق کی ادائیگی کا خاص خیال کریں، فرائض وواجبات کی ادائیگی کا اہتمام کریں، گناہوں سے بچنے کی بھرپور کوشش کریں، الله تعالیٰ کی ناراضگی اور غضب کو دعوت دینے والے اعمال وافعال اور اقوال سے اجتناب کریں اور الله تعالیٰ سے رحمت وفضل اور عفو وکرم کا سوال کریں۔ الله تعالیٰ کی ذات قادر مطلق، مالک الملک اور رحیم وکریم ہے، جب ہم مذکورہ بالا امور کا اہتمام کریں گے تو الله تعالیٰ کی رحمت جوش میں آئے گی، الله تعالیٰ ہمارے حال پر رحم فرمائیں گے، آفات وبلیات ہم سے چُھٹ جائیں گی، کفار کی سازشیں بھی تار عنکبوت ثابت ہوں گی اور ہمارا ملک دین ودنیا دونوں اعتبار سے ترقی کی منازل طے کرے گا۔ الله تعالیٰ ہمارا حامی وناصر ہو، ہمارے حال پر رحم فرمائے، ہمیں اعمال صالحہ بجالانے اور اعمال سیئہ سے بچنے کی توفیق عطا فرمائے۔
وما توفیقي إلا بالله علیہ توکلت وإلیہ أنیب․