جامعہ فاروقیہ کراچی ۔۔ انٹرنیشنل اسلامک یونی ورسٹی

مبصر کے قلم سے

ادارہ

تبصرہ کے لیے کتاب کے دو نسخے ارسال کرنا ضروری ہے۔ صرف ایک کتاب کی ترسیل پر ادارہ تبصرے سے قاصر ہے۔ تبصرے کے لیے کتابیں صرف مدیر الفاروق یا ناظم شعبہ الفاروق کو بھیجی جائیں (ادارہ)

کعبہ میرے آگے
مؤلف: مولانا عبدالقیوم حقانی
صفحات:416 سائز:23x36=16
ناشر: القاسم اکیڈمی، جامعہ ابوہریرہ، خالق آباد، ضلع نوشہرہ۔

یہ کتاب مولانا عبدالقیوم حقانی کے حج وعمرہ کے مختلف اسفار کی یاداشتوں کا مجموعہ ہے۔ یہ سفرنامے قبل ازیں ماہنامہ ”القاسم“ نوشہرہ میں شائع ہوتے رہے ہیں او راب انہیں ”کعبہ میرے آگے“ کے نام سے کتابی شکل میں مرتب کرکے شائع کیا جارہا ہے۔ اس میں سفری یاداشتوں کے علاوہ تعمیر کعبہ، غلاف کعبہ اور حجر اسود وغیرہ سے متعلق اہم معلومات او ربعض مسائل و آداب کا تذکرہ بھی آگیا ہے۔

کتاب کا انداز تحریر جاذب ہے اور یہ ایک اچھی علمی کاوش ہے کہ اس سے دیگر مفید معلومات کے علاوہ انسان کے اندر حرمین شریفین کی زیارت کا شوق وولولہ پیدا ہوتا ہے۔

کتاب کا ورق عمدہ اور طباعت واشاعت معیاری ہے۔

سیرت وسوانح امام الاولیا ئشیخ التفسیر حضرت لاہوری
تالیف: مولانا محمد عبدالمعبود
صفحات:544 سائز:23x36=16
ناشر: القاسم اکیڈمی، جامعہ ابوہریرہ، خالق آباد، ضلع نوشہرہ

جیسا کہ نام سے واضح ہے کہ زیر نظر کتاب امام الاولیا شیخ التفسیر حضرت مولانا احمد علی لاہوری کی سیرت وسوانح سے متعلق تالیف کی گئی ہے۔ کتاب کے مندرجات کو تیرہ ابواب میں تقسیم کیا گیا ہے۔ باب اوّل سیرت وسوانح، باب دوم فروغ علوم ومعارف، باب سوم سیاسیات دور اوّل، باب چہارم سیاسیات دور ثانی، باب پنجم مکارم اخلاق، باب ششم تصوف وسلوک باب ہفتم مشائخ کا احترام واکرام، باب ہشتم خطبات، ملفوظات ، مکتوبات، باب نہم فتنوں کا تعاقب، باب دہم کشف وکرامات ، باب یاز دہم مجرب عملیات، باب دواز دہم سفر آخرت اور باب سیزدہم باقیات الصالحات کے عنوان سے ہے۔

کتاب کی ترتیب وتالیف میں جن کتابوں سے استفادہ کیا گیا ہے ان میں ماسٹر لعل دین کی ”انوار ولایت“ جناب عبدالحمید خان مرحوم کی”مرد مؤمن“ ، خدام الدین لاہور کا” حضرت لاہوری نمبر“ اور حاکم علی مرحوم کی تالیف” حضرت لاہوری کے حیرت انگیز واقعات“ شامل ہیں۔

حضرت لاہوری رحمة الله علیہ کی حیا ت و خدمات پر لکھی جانے والی اب تک کی کتابوں میں یہ ایک مفصل اور جامع تالیف ہے اور اس میں حضرت لاہوری کی حیات کے مختلف گوشوں پر بسط وتفصیل سے روشنی ڈالی گئی ہے۔ کتاب کا مطالعہ مال دنیا سے استغناء ،متاع دنیا کی حقارت اور عمل کا جذبہ پیدا کرتا ہے۔

کتاب کا ورق درمیانہ اور طباعت واشاعت خوب صورت ہے۔

راحت پانے والے
تالیف: ابراہیم بن عبدالله الحازمی ترجمہ: مولانا عبدالماجد
صفحات:186 سائز:23x36=16
ناشر: مکتبہ بیت العلم، اردو بازار، کراچی

مکتبہ بیت العلم کے احباب نے مختلف معاشرتی اصلاحی موضوعات پر مجموعے مرتب کیے ہیں، زیر نظر کتاب بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ یہ کتاب شیخ ابراہیم بن عبدالله الحازمی کی عربی تصنیف” الفرج بعد الشدة“ جلد دوم کا اردو ترجمہ ہے۔ کتاب کے پہلے دو حصوں کا اردو ترجمہ اس سے پہلے ”پریشانی کے بعد راحت“ اور ”راحت حاصل کیجیے“ کے نام سے مکتبہ بیت العلم کراچی ہی سے شائع ہو چکا ہے۔ کتاب کے اس تیسرے حصے میں ان لوگوں کے واقعات جمع کیے گئے ہیں جنہیں گردش لیل ونہار نے مصائب وآلام، صبر آزما اور مایوس کن حالات سے دو چار کیا، جن سے خلاصی اور چھٹکارے کی بظاہر کوئی صورت ممکن نہیں تھی، لیکن جب انہوں نے مسنون اعمال کا اہتمام کیا تو الله تعالیٰ نے ان کے لیے مصائب سے خلاصی کی صورتیں اور راحت کے اسباب مہیا کر دیے۔

کتاب کے اس اردو ترجمے میں ایک تو عنوانات کا اضافہ کیا گیا ہے اور دوسر ہر واقعہ کی مناسبت سے مستند مسنون اعمال اور دعاؤں کا اضافہ بھی کیا گیا ہے۔ دعاؤں او رمسنون اعمال کو نمایاں انداز میں لکھنے کا اہتمام کیا گیا ہے۔

دنیا مصائب وآلام کا گھر ہے اور یہاں کوئی آدمی ایسا نہیں ہے جو مسائل سے گھرا ہوا نہ ہو، لیکن خوش نصیب وہ ہے جو خوشی وغمی دونوں حالات میں اسلامی احکام کی پاس داری او رنیک اعمال کا اہتمام کرے، زیر نظر کتاب میں اسی کی ترغیب دی گئی ہے۔

کتاب کی طباعت واشاعت خو ب صورت ومعیاری ہے۔

ظہور مہدی علیہ الرضوان تک
تالیف: ابو عبدالله آصف مجید نقش بندی
صفحات:200 سائز:23x36=16
ناشر: مکتبہ الحسن، اردو بازار، لاہور

زیر نظر کتاب میں امام مہدی علیہ السلام کے ظہور او رقیامت کی دیگر نشانیوں سے متعلق احادیث مبارکہ کی روشنی میں گفت گو کی گئی ہے۔ مقدمہ میں مؤلف لکھتے ہیں:
”علامات قیامت پر ہمارے اکابرین نے بہت مدلل کتابیں تحریر فرمائی ہیں۔ ہمارا یہ رسالہ ان کے مقابلہ میں سورج کو چراغ دکھانے کے مترادف ہے، تاہم اس رسالے کا مقصد حالات کے تناظر میں ظہور مہدی تک احادیث ترتیب دینا ہے تاکہ امت کے لیے حق تک پہنچنا آسان ہو۔ راقم نے اس رسالہ کے لیے اکابرین کی درج ذیل تالیفات سے استفادہ کیا ہے۔

شیخ الاسلام سید حسین احمد مدنی رحمة الله علیہ کی تالیف ”الخلیفة المہدی فی الاحادیث الصحیحة․“

مفتی اعظم پاکستان حضرت مولانا مفتی محمد رفیع عثمانی دامت برکاتہم کی تالیف ”علامات قیامت اور نزول مسیح“

حضرت مولانا شاہ رفیع الدین دہلوی رحمة الله علیہ کی تالیف ”قیامت نامہ“

حضرت مولانا مفتی عاشق الہٰی بلند شہری رحمة الله علیہ کی تالیف ”علامات قیامت کے بارے میں آں حضرت صلی الله علیہ وسلم کی پیشین گوئیاں۔“

بعض واقعات کا ذکرکئی کئی احادیث میں آتا ہے، راقم نے اس رسالہ میں اختصار کے پیش نظر ان میں سے صرف ایک حدیث کو چھانٹا ہے، البتہ سیاہ جھنڈوں والی احادیث زیادہ سے زیادہ جمع کرنے کی کوشش کی ہے۔ قرب قیامت کی جو احادیث بیان ہوئی ہیں ان سے ذہن میں آنے والے حالات وواقعات کی قدرے ایک ترتیب بھی قائم ہوتی ہے۔ ہر مرحلے پر کتنی مدت صرف ہو گی؟ اس کا تعین ممکن نہیں،تاہم مختلف احادیث نبویہ اور موجودہ حالات پر ایک گہری نظر ڈالنے سے ایک اجمالی نقشہ ذہن میں آتا ہے، جسے راقم نے رسالہ کے آخر میں پیش کر دیاہے۔“

کتاب کا یہ ایڈیشن 2011ء کا طبع شدہ ہے اور اس میں کئی اضافے بھی کیے گئے ہیں، خصوصاً2012ء کی تباہی سے متعلق مختلف تہذیبوں کی طرف سے جو نظریات پیش کیے جارہے تھے اس پر بھی گفت گو کی گئی ہے۔

علامات قیامت سے متعلق اسلامی نقطہ نظر سے اس بات کو پیش نظر رکھنا بے حد ضروری ہے کہ ان علامات کی شرعاً کوئی حتمی تاریخ مقرر نہیں ہے اور نہ ہی تاریخ کی تعیین مناسب ہے۔ ایک مسلمان کے لیے کرنے کا کام یہ ہے کہ وہ الله تعالیٰ کے نازل کردہ احکامات کو پوری طرح بجا لائے اوراحادیث میں شرور وفتن سے بچنے کے لیے جن اعمال کی ترغیب دی گئی ہے، ان کا اہتمام کرے۔

کتاب کا کاغذ عمدہ اور طباعت معیاری ہے۔



English
عربي

ابتداء
اپنے بارے میں
جامعہ فاروقیہ
الفاروق
اسلام
قرآن
کتب خانہ
منتحب سائٹس
This site is developed under the guidance of eminent Ulamaa of Islam. 
Suggestions, comments and queries are welcomed at info@farooqia.com
ابتداء  |  اپنے بارے میں  |  جامعہ فاروقیہ  |  الفاروق  |  اسلام  |  قرآن  |  کتب خانہ  |  منتخب سائٹس
No Copyright Notice.
All the material appearing on this web site can be freely distributed for non-commercial purposes. However, acknowledgement will be appreciated.