علمی اعتبار سے یہ جامعہ اپنی نسبت امام الہند حضرت شاہ ولی الله بن عبدالرحیم نورالله مرقدہ کے ساتھ رکھنے کو اپنے لیے باعث عزت وافتخار سمجھتا ہے۔ ضرت شاہ ولی الله رحمة الله علیہ نے اس برصغیر میں اسلامی معاشرت کی حفاظت کے لیے جو بے مثال قربانیاں دیں ہیں اور احیائے سنت کی تحریک کے لیے جو خدمات انجام دیں ،وہ تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھنے کے قابل ہیں ۔ حضرت شاہ ولی الله رحمة الله علیہ بلاشبہ اس خطہ ہند وسندھ میں علم وفضل کے نہایت بلند وبالا مینار تھے۔آپ کے بعد آپ کی صلاحیتوں کے امین آپ کی فکر ونظر کے ترجمان، حضرت استاذ العلماء مولانا محمد قاسم نانوتوی رحمة الله علیہ اور فقیہ زماں حضرت مولانا رشید احمد گنگوہی رحمة الله علیہ قرار پائے او ران حضرات سے یہ انداز فکر اور رشد وہدایت کا مبارک سلسلہ علمائے دیوبند رحمہم الله میں منتقل ہوا۔ جس کی ایک شمع یہاں جامعہ فاروقیہ کراچی میں روشن ہے۔
شعبہ تعلیم
جامعہ فاروقیہ کراچی چوں کہ ایک تعلیمی ادارہ ہے اس لیے جامعہ کی خدمات کا ایک بہت بڑا حصہ تعلیم وتربیت پر مشتمل ہے ، اساتذہ وکارکنان جامعہ شب وروز جامعہ سے وابستہ طلبا کی خدمت میں مشغول رہتے ہیں۔ایک بہترین تعلیمی ادارے کے لیے بہترین نصاب تعلیم ایک لازمی امر ہے اس لیے جامعہ فاروقیہ کراچی روز اوّل سے اپنے نظام تعلیم، نصاب تعلیم کوبہتر سے بہتر کرنے کی محنت میں مصروف ہے۔
جامعہ میں ابتداء ً پانچ سال تک ابتدائیہ (پرائمری) کی تعلیم دی جاتی ہے جس کے بعد تین سالہ متوسطہ (مڈل) تک کی تعلیم دی جاتی ہے جس میں اردو، فارسی، ریاضی، انگریزی، سائنس وغیرہ پڑھائی جاتی ہے، اس کو درجہ متوسطہ کے نام سے موسوم کیا جاتا ہے، اس کے بعد مشہور دینی تعلیمی نصاب درس نظامی کی تعلیم ہوتی ہے جس میں آٹھ سال تک تفسیر، اصول تفسیر، حدیث، اصول حدیث، فقہ، اصول فقہ، ادب، معانی، بیان، بلاغت، منطق وفلسفہ، صرف، نحو کی تعلیم دی جاتی ہے۔ اس طرح درس نظامی کا یہ آٹھ سالہ نصاب، پانچ سالہ ابتدائیہ اور تین سالہ متوسطہ کے ساتھ سولہ سالہ نصاب بن جاتا ہے جو ایم۔ اے کے مساوی ہے۔ اس نصاب سے فراغت کے بعد مختلف تخصصات کا دو دوسال کا سلسلہ ہوتا ہے مثلاً تخصّص فی الفقہ الاسلامی کی تعلیم جودو سال تک دی جاتی ہے جس میں فقہ کے مطابق فتوی دینے کی مشق کرائی جاتی ہے اور جدید مسائل پر بھی تحقیق ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ مختلف النوع تخصّصات میں طلباء کو خاص طور پر تحقیق و مراجعت کتب کا اہتمام کرایا جاتا ہے۔
جامعہ میں موجود تمام درجات میں ایک ایک استاذ بطور نگران درجہ مقرر کیا جاتا ہے جو طلباء کی عمومی کیفیت، تعلیمی واخلاقی کیفیت، حاضری، غیرحاضری، اسباق کی مقدار خواندگی اور اساتذہ کی ہر ہر درجہ میں اسباق کی پابندی جیسی چیزوں پر نگاہ رکھتے ہوئے تعلیمی معیار کو بہتر کرنے میں اپنی صلاحیتوں کو استعمال کرتا ہے۔
شعبہ تعلیم میں درس و سبق میں پابندی کے ساتھ حاضری اور تکرار ومطالعہ کا خصوصی اہتمام کرایا جاتا ہے، مغرب وعشاء کے بعد دن کو پڑھے ہوئے اسباق کے مذاکرے اور مطالعہ کی نگرانی کے لیے اساتذہ مقرر کیے جاتے ہیں اور وہ پورے سال نگرانی کی ذمہ داری کو توجہ کے ساتھ نبھاتے ہیں، درس و تعلیم کے ساتھ ساتھ طلبہ کی اصلاح وتربیت کے لیے بھی مستقل ایک نظام ہے، ہفتہ میں ایک دن حضرت شیخ الحدیث یا دوسرے استاذ کا اجتماعی طور پر طلبہ کے سامنے بیان ہوتا ہے، جس میں طلبہ کو اصلاح وتربیت، اخلاق ومعاشرت، تزکیہ باطن اور اسلامی زندگی کے آداب و اصولوں سے روشناس کرایا جاتا ہے۔
جامعہ فاروقیہ کے شعبہ تعلیم میں ایک اہم بلکہ دینی مدارس کے حوالہ سے ایک قابل ذکر کام یہ کیا گیا ہے کہ تمام اسباق عربی زبان میں پڑھانے کے لیے ایک مستقل شعبہ معہد اللغة العربیہ والدراسات العلیا کے نام سے قائم کیا گیا، اس شعبہ میں درجہ اولیٰ سے درجہ سادسہ تک چھ درجے ہیں، نصاب کی کتابیں تقریباً وہی ہیں جو درس نظامی میں ہیں البتہ اس میں تعلیم مکمل عربی میں ہے۔
الحمدلله اس شعبہ سے عربی زبان میں اپنے مافی الضمیر کے اظہار کے سلسلہ میں جو کمی دینی مدارس کے طلبہ میں پائی جاتی ہے وہ کافی حد تک دور ہوئی اور طلبہ روانی کے ساتھ عربی زبان میں اظہار مافی الضمیر کرنے لگے ہیں، ”معہد اللغہ“ کے زیر انتظام ایک عربی انجمن بھی ”النادی العربی“ کے نام سے قائم ہے، یہ عربی زبان میں خطابت و تقریر کے لیے ایک موثر پلیٹ فارم اور طلبہ میں عربی زبان بولنے اور اس میں تقریر کرنے کا ولولہ اور جذبہ پیدا کرنے کا ایک زبردست ذریعہ ہے۔
تعلیمی مراحل کا دورانیہ
جامعہ میں کل سات مراحل تعلیم ہیں، جس کی تفصیل درج ذیل ہے۔
- شعبہ ناظرہ، یہاں پر بچے بچیاں قرآن کریم کی ناظرہ تعلیم تجوید کے ساتھ حاصل کرتے ہیں ، ان بچوں کو نماز ودیگر مسائل بھی یہاں پر سکھائے جاتے ہیں۔
- فاروقیہ ماڈل اسکول، اس میں عام سیکولر نظام تعلیم کی تعلیم دی جاتی ہے، یہ سہولت بچوں اور بچیوں دونوں کے لیے فراہم کی گئی ہے۔
- ؤشعبہ تحفیظ القرآن الکریم، اس میں بچے قرآن کریم حفظ کرتے ہیں، اس کی مدت تعلیم عام طور پرڈھائی سے تین سال تک ہے۔
- ؤمرحلہ دراسات دینیہ، یہ ایک مختصرسا دینیات کا کورس ہے، اس کی مدت تعلیم تین سال ہے ، یہ سہولت طلباء وطالبات کے لیے ہے۔
- ؤمرحلہ ابتدائیہ، اس کی مدت تعلیم پانچ سال ہے۔
- ؤمرحلہ متوسطہ، اس کی مدت تعلیم تین سال ہے
- مرحلہ ثانویہ، اس کی مدت تعلیم چار سال ہے۔
- مرحلہ عالیہ، اس کی مدت تعلیم چار سال ہے۔
- قسم التخصص فی الفقہ الاسلامی، اس کی مدت تعلیم دوسال ہے۔
- قسم التخصص فی الحدیث الشریف، اس کی مدت تعلیم دوسال ہے۔
- ؤقسم التخصص فی الأدب العربی ،اس کی مدت تعلیم دوسال ہے۔
- ؤمعہد اللغة العربیہ، یہ ایک نیا انداز تعلیم ہے اس کی مدت تعلیم چھ سال ہے۔
- فاروقیہ کمپیوٹر انسٹی ٹیوٹ، اس میں طلباء کو کمپیوٹر کی ضروری تعلیم دی جاتی ہے اور مختلف کورس کرائے جاتے ہیں۔
جامعہ فاروقیہ کراچی کا تعلیمی معیار
جامعہ فاروقیہ کراچی کے تعلیمی معیار کا اندازہ آپ اس سے لگاسکتے ہیں کہ پاکستان کے
دینی مدارس کی وسیع تنظیم اور مشترکہ بورڈ ”وفاق المدارس العربیہ پاکستان“ کے
سالانہ امتحان جس میں ہزاروں طلبہ شریک ہوتے ہیں ، میں الحمدلله جامعہ فاروقیہ کے
طلبہ ہر سال مختلف پوزیشنیں حاصل کرتے ہیں ۔
اس طرح جامعہ فاروقیہ نے مجموعی طور پر اب تک وفاق المدارس کے سالانہ امتحان میں
اپنے تعلیمی معیار کو برقرار رکھا ہے، اس سے آپ جامعہ فاروقیہ کراچی کے تعلیمی
معیار کا ادراک کرسکتے ہیں۔ اسی طرح ہر سال طلباء کی ایک بڑی تعداد بغیر کسی
اشتہاری مہم کے جامعہ پہنچتی ہے اور بلاشبہ ہزاروں طلباء ہر سال جگہ کی قلت کے باعث
داخلے سے محروم رہتے ہیں۔ الله جل شانہ منتظمین جامعہ کو مزید محنت کرنے اور ترقی
کی توفیق عطا فرمائے۔