شعبہ دارالاقامہ (ہوسٹل)
عام تعلیمی اداروں کے مقابلے میں ہمارے یہ دینی ادارے نہ صرف علمی مراکز ہوتے ہیں بلکہ تربیت اخلاق واصلاح نفوس کی تربیت گاہ بھی انہیں قرار دیا جاتا ہے ۔ اس لیے ہم اپنے اداروں میں طلباء کو صرف علم کے زیور سے آراستہ کرنا کافی نہیں سمجھتے بلکہ ان کی باطنی تربیت کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے جب تک کہ ان میں اصلاح نفس کا جوہر پیدا نہیں ہو جاتا اور اچھی عادات ان کے مزاج کا حصہ نہیں بن جاتی، یہ تربیت واصلاح کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔ اسی لیے ان طلباء کو جامعہ میں قیام کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔
واضح رہے جامعہ میں رہائش کی یہ سہولت طلباء کو مفت فراہم کی جاتی ہے طلباء کی مختلف سرگرمیوں کو بنظر غائر دیکھا جاتا ہے اور پھر حسب استطاعت ان کے لیے اصلاح احوال کا عمل اختیار کیا جاتا ہے اور الحمدلله بہت سے طلباء اپنی اصلاح کرتے ہوئے اپنی علمی مصروفیات کے ساتھ ساتھ اپنے اعمال کی اصلاح میں مصروف رہتے ہیں۔
جامعہ میں مقیم طلباء جامعہ کی مختلف عمارتوں میں رہائش پذیر ہوتے ہیں جس کی امسال کی تفصیل یہ ہے:
محمود منزل: اس کے چوبیس کمروں میں دو سو چالیس طلباء رہائش پذیر ہیں۔
طیب منزل: اس کے بارہ بالائی کمروں میں ایک سو چوالیس طلباء رہتے ہیں۔
قاسم منزل:اس میں صرف دو منزلیں طلباء کی رہائش کے لیے استعمال ہو رہی ہے ۔ اس میں تین سو ساٹھ طلباء رہتے ہیں ۔ بقیہ تین منزلیں دفاتر اور درس گاہوں کے لیے مختص ہیں ۔
مدنی منزل : یہ عمارت اپنی پوری وسعت کے ساتھ طلباء کے زیراستعمال ہے اس منزل میں کل پانچ سو بیس طلباء رہائش پذیر ہیں۔
مسجد کی تیسری اور چوتھی منزل: اس میں تین سو گیارہ طلباء رہائش پذیر ہیں۔
اس طرح یہ طلباء جو تمام کے تمام درجات کتب سے متعلق ہیں جامعہ میں قیام پذیر ہیں۔ جب کہ شعبہ حفظ کے طلباء رفاہ عام ہاؤسنگ سوسائٹی، ملیر، میں قائم جامعہ کی شاخ میں رہتے ہیں ۔ چھوٹے طلباء کے لیے الگ کمرے مختص کیے گیے ہیں جہاں ابتدائی درجات کے طلباء رہائش رکھتے ہیں ۔ جامعہ میں دوران تعلیم یہ تمام دارالاقامے بند رہتے ہیں ۔ اسی طرح شام کو تکرار کے اوقات میں بھی طلباء کو اپنے کمروں میں جانے کی اجازت نہیں ہوتی اور یہ کمرے مقفل کر دیئے جاتے ہیں ۔ یہ نظام الحمدلله سارا سال اسی ترتیب سے جاری رہتا ہے ۔

جامعہ میں مقیم طلباء کے لیے خصوصی ہدایات وضوابط
  •  کسی بھی طالب علم کو باستثناء عصر تا مغرب دارالاقامہ سے بلااجازت غیر حاضر ہونے کی اجازت نہیں ۔
  •  ناظم دارالاقامہ جس وقت مناسب سمجھیں گے حاضری لیں گے، جو طالب علم غیر حاضر پایا گیا اس کے لیے سزا تجویز کی جائے گی۔
  •  طلباء سے ملاقات کے لیے آنے والے احباب یا رشتہ دار تعلیمی ایام میں عصر تا مغرب اور بروز جمعہ ملاقات کرسکتے ہیں ۔ اس کے علاوہ اجازت نہیں۔
  •  ہر طالب علم کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنا قیمتی وقت جامعہ سے باہر بلاوجہ گھومنے پھرنے میں ضائع نہ کرے، اس قسم کے عادی مجرم کو پہلے تنبیہ کی جائے گی اور اصلاح نہ ہونے کی صورت میں جامعہ سے اخراج کیا جائے گا۔
  •  کسی بھی طالب علم کو اپنے کمرہ میں اپنے کسی مہمان کو ٹھہرنے کی اجارت نہیں۔ ایسی کسی بھی مجبوری میں ناظم دارالاقامہ سے تحریری اجازت ضروری ہے۔
  •  جامعہ میں مقیم طالب علم کے لیے دوران قیام کسی بھی قسم کی بلا اجازت مشغولیت مثلاً :ٹیوشن، امامت، مؤذنی وغیرہ کی ہر گز اجازت نہیں ۔ اس سلسلہ میں مخالفت جامعہ سے اخراج کا باعث بن سکتی ہے۔
  •  ہر طالب علم کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنے کمرہ کو نہایت صاف ستھر ارکھے، بستر اور ضروری اشیاء مرتب ہوں ضروری اور فاضل اشیاء کمرہ کے اندر کچرہ وغیرہ باہر رکھنے کا اہتمام کرے۔
  •  دارالاقامہ میں مقیم ہر طالب کے لیے لازمی ہے کہ ہر روز اپنی باری پر کمرہ کی صفائی کرے، کمرے، دیواروں، دروازوں اور کھڑکیوں پر مختلف قسم کے اسٹیکرز چپکا نے کی بھی اجازت نہیں ہے، جوبعد میں پُرانے ہو کر مادر علمی کی عمارتوں کی بد نمائی کا سبب بنتے ہیں۔
  •  ہر طالب علم کے لیے اپنی جسمانی صفائی لازم اور ضروری ہے ، چناں چہ طلبا کے لیے ضروری کہ طہارت اور پاکیزگی کو ملحوظ رکھنے کے لیے غسل کا اہتمام کریں اور صاف کپڑے پہنیں۔
  •  ہر طالب کے لیے لازمی ہے کہ وہ اپنے کپڑے، بستر یعنی لحاف، گدّے اور دریاں سُکھانے کے لیے جامعہ کی طرف سے مقرر کردہ جگہ کو استعمال کریں، اپنے کمرے کے سامنے لوہے کی گرِل یا گیلری کی دیوار کو کپڑے سکھانے کے لیے ہر گز استعمال نہ کریں۔
  •  ہر طالب علم کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنی کتابیں، کاپیاں اور دیگر ضروری تعلیمی اشیاء دارالاقامہ کے بند ہونے کے اوقات سے پہلے اپنے کمرے سے لے جائے۔
  •  شدید بیمار طالب علم تعلیمی اوقات میں کمرے میں قیام کے لیے ناظم دارالاقامہ سے تحریری اجازت حاصل کرے۔
  •  جامعہ میں مقیم ہر طالب جمعرات کی عصر سے جمعہ کی عصر تک اپنے اعزاء واقارب سے ملاقات کے لیے جاسکتا ہے، جانے سے قبل مطبخ کو اس کی اطلاع ضروری ہے ، نیز جمعہ کے دن عصر تک جامعہ میں واپسی لازمی ہے۔
 

دارالاقامہ کے بند ہونے کے اوقات
آٹھ بجے صبح تا بارہ بج کر پندرہ منٹ تین بجے دو پہر تا پانچ بجے شام مغرب تا گیارہ بجے شب