ادارہ الفاروق کراچی
جامعہ فاروقیہ کراچی نے جامعہ سے دینی علمی رسالوں کے اجراء کا جب فیصلہ کیا تو ادارہ الفاروق کراچی کے نام سے اس شعبہ کی بنیاد ڈالی تاکہ اردو، عربی، انگریزی اور سندھی زبان میں جاری کیے جانے والے رسالوں کو ایک بہتر ترتیب او رمعیار کے ساتھ شائع کیا جائے اور جامعہ سے شائع ہونے والی کتب کے لیے بھی ایک پلیٹ فارم وجود میں آسکے۔چناں چہ جہاں اب الفاروق اردو، الفاروق عربی، الفاروق سندھی اور الفاروق انگریزی ادارہ الفاروق سے شائع ہو رہے ہیں وہاں پر فتاویٰ محمودیہ جیسا عظیم الشان بیس ضخیم جلدوں میں شائع شدہ فتاوی کا مجموعہ بھی ادارہ الفاروق کراچی ہی سے منظر عام پرآچکاہے، ان شاء الله خدمات کا یہ سلسلہ او ربھی آگے بڑھے گا، ادارہ الفاروق سے شائع ہونے والے معیاری رسالوں کا مختصر تعارف یہ ہے۔
ماہنامہ الفاروق اردو
الفاروق اردو جامعہ کے روشن ستاروں میں ایک تابندہ ستارہ ہے جو اپنی تابانیوں سے ایک عالم کو منور کر رہا ہے ۔1985ء سے مسلسل جاری اردو کا یہ کم وسائل والا رسالہ اپنے قارئین کی نگاہ میں اپنے لیے مقام پیدا کر چکا ہے ۔ مولانا عبیدالله خالد صاحب ، جناب سید محمد عبدالله صاحب کی مسلسل توجہ اس کی خوبیوں میں چار چاند لگار ہی ہے۔ جامعہ کا یہ رسالہ اس وقت مسلم ممالک میں اپنے قارئین کا ایک حلقہ رکھتا ہے اور پاکستان کے علمی حلقے اسے اپنی سند قبولیت عطا کر چکے ہیں ۔
ماہنامہ الفاروق انگریزی
انگریزی زبان میں الفاروق کی اشاعت حقیقت میں اہل دنیا کے لیے اعلان حق اور دعوت اسلام ہے جو 1989 سے مسلسل جاری ہے۔ مضامین کا تنوع، زبان کی سلاست اور چاشنی اورمعلومات کی فراوانی انگریزی الفاروق کا خاصہ ہے جو ہر ماہ ادارہ الفاروق کے کمپیوٹر ز پر طبع ہو کر شائع ہوتا ہے۔ جنابتنویر احمد صدیقی انگلش الفاروق کی ادارت کی ذمہ داری انجام دے رہے ہیں،یورپ، افریقہ اور امریکا میں رہنے والے حضرات وہاں الفاروق انگلش کی مقبولیت کی گواہی دے سکتے ہیں،ہماری دعاء ہے کہ یہ محنت الله رب العزت کے ہاں قبولیت کا باعث بنے۔ آمین۔
الفاروق عربی
الفاروق اردو اور انگریزی کی طرح جامعہ سے1984ء سے عربی زبان میں بھی ایک سہ ماہی عربی رسالہ الفاروق ہی کے نام سے شائع ہوتا ہے ۔ الفاروق عربی کی اشاعت کا یہ تسلسل ایک عرصہ سے جاری ہے۔ الحمدلله اپنے تین دوسرے معاصرمجلات کی طرح الفاروق عربی بھی اپنے قارئین کو اپنی افادیت محسوس کراتا رہا ہے اور عالم عرب سے ہمارے تعلق کا ایک اچھا ذریعہ ثابت ہوا ہے۔مختلف النوع مضامین کا انداز اس میں بھی برقرار ر کھا گیا ہے ۔ حالات حاضرہ پر تبصرہ بھی اس کی خصوصیت قرار دی گئی ہے ۔ پھر طباعت کا معیار بھی اس میں بہتر رکھنے کی کوشش کی گئی ہے ۔ الحمدلله الفاروق عربی میں ایک اچھی پیش رفت یہ ہوئی ہے کہ ہمارے اساتذہ وطلبہ جامعہ نے اس میں اپنے مضامین لکھنے شروع کر دیے ہیں اور یوں باہر کے مقالہ نگار حضرات کی احتیاج کم ہوگئی ہے، مولانا ولی خان المظفر اس رسالے کے لیے بیش قیمت خدمات انجام دے رہے ہیں،الله تبارک وتعالیٰ انہیں اور الفاروق عربی کے لیے کام کرنے والے دیگر حضرات کواجر عطا فرمائیں۔ آمین
ماہنامہ الفاروق سندھی
چوں کہ سندھ پورے برصغیر کے لیے باب الاسلام کہلاتا ہے، اس کی اس حیثیت کو مد نظر رکھتے ہوئے چند سال پہلے سندھی خواں طبقہ کو خالص اسلامی افکار ونظریات سے روشناس کرانے کے لیے 1995ء سے الفاروق سندھی شروع کیا گیا۔ الحمدلله الفاروق سندھی کو بھی سندھ بھر میں کافی مقبولیت حاصل ہوئی اور اہل سندھ نے اسے قدر کی نگاہ سے دیکھا ہے۔ اس کی ادارت مولانا محمد حسین شاہ سجاولی صاحب کے ذمے ہے۔
مولانا موصوف نے اس رسالے کو اب تک بحمد الله بحسن وخوبی چلایا ہے اور ہمیں امید ہے کہ وہ آئندہ بھی اسے پورے جوش وجذبے سے چلاتے رہیں گے۔ الله تعالیٰ انہیں جزائے خیر عطا فرمائیں۔ ادارہ الفاروق میں فی الوقت دس افراد کا م کر رہے ہیں جس میں مجلس ادارات کے علاوہ کمپیوٹر آپریٹرز اور دیگر طباعت وسرکولیشن کے ذمہ دار افراد بھی شامل ہیں۔ جناب محمدیوسف رانا صاحب اسے شعبے میں جس تندہی سے خدمات انجام دیتے ہیں وہ ان کامخلصانہ انداز ہے جس پر وہ یقینا تبریک کے مستحق ہیں۔ الله رب العزت اس ادارے ”الفاروق“ کے ذریعہ ہمیں دین کی مزید خدمت کرنے کی توفیق نصیب فرمائیں۔ آمین۔