شعبہ تحفیظ القرآن الکریم
دنیا بھر کے مسلمانوں کو قرآن کریم سے جو قلبی لگاؤ ہے وہ کسی مسلمان سے پوشیدہ نہیں ہے، اسی لیے دنیا بھر کے مدارس مسلمان معاشرے میں حفظ قرآن کی خدمت انجام دیتے ہیں، حفظ قرآن کی یہ خدمت اب الحمدلله پاک وہند کی ایک ایسی روایت بن چکی ہے جس کی نظیر پوری دنیا میں کہیں نہیں ملتی، الله رب العزت نے ہمارے اسلاف رحمہم الله کو اس کارخیر کے لیے منتخب فرمایا ہے جو یقینا اسی ذات اقدس کا فضل واحسان ہے۔ جامعہ فاروقیہ کراچی بھی حفظ قرآن کے سلسلے میں اپنی کوشش جاری رکھے ہوئے ہے، چناں چہ جامعہ فاروقیہ میں اس وقت حفظ کی کئی کلاسیں قائم ہیں اور اب تک جامعہ سے ہزاروں طلبہ حفظ قرآن کی تکمیل کرچکے ہیں، شعبہ حفظ کی یہ خدمت جامعہ میں اورجامعہ کی شاخ رفاہ عام میں اور جامعہ کی نگرانی میں نارتھ ناظم آباد بلاک ایل، سندھی مسلم سوسائٹی، عظیم پورہ اور الفلاح سوسائٹی بلاک اے جامع مسجد بلال ڈرگ روڈ میں بھی انجام دی جارہی ہے۔
جامعہ فاروقیہ کراچی فیزII
جامعہ فاروقیہ کراچی جو آہستہ آہستہ اب ایک تحریک کی شکل اختیار کرتا جارہا ہے اور دنیا بھر کے طلبا جامعہ کے فیض یافتہ گان میں شامل ہو رہے ہیں۔ بہت سے وہ ابتدائی پروگرام جن کا ہمیں پہلے بہت شدت سے خیال واحساس تھا اب پردہ خیال سے نکل کر حقیقت کا روپ دھارچکے ہیں جس پر ہم جتنا بھی الله رب العزت کا شکرادا کریں وہ کم ہے ۔ فالحمدلله علی ذلک۔
جامعہ تشریف لانے والے اکثر حضرات اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ جامعہ ایک عرصہ سے اپنی تمام تر وسعت کے باوجود جگہ کی تنگی کا شکار ہو رہا ہے، جامعہ کی عظیم الشان مسجد اب چھوٹی ہو چکی ہے، بڑی بڑی درس گاہیں اب چھوٹی اور تنگ محسوس ہوتی ہیں، طلبا کے دارالاقامہ اب تنگی کا شکوہ کر رہے ہیں جب کہ طلبا کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اور صورت حال اب یہ ہو چکی ہے کہ ہر سال طلباء کی ایک بڑی تعداد جو محتاط اندازہ کے مطابق آٹھ ہزار سے دس ہزار تک ہے جگہ کی تنگی کی وجہ سے واپس ہو رہی ہے۔
اس تمام صورت حال کے پیش نظر جامعہ نے فاروقیہ اسلامک یونیورسٹی کے نام سے جامعہ کے فیزII کا نیا منصوبہ شروع کیا ہے اور حضرت شیخ الحدیث دامت برکاتہم نے اس نئے منصوبے کا سنگ بنیاد گزشتہ سال 14 رجب1427 کو اپنے مبارک دست سے نصب فرمادیا ہے، چناں چہ اب اس نئی عمارت کا تعمیری کام نہایت تیزی کے ساتھ جاری ہے، یہ نئی عمارت دارالقرآن کے نام سے تعمیر ہو رہی ہے اس کے تین فیز ہیں اور یہ تین منزلہ تعمیر ہو گی، اس میں ضروری سہولیات کے ساتھ تقریباً سو کمروں کا منصوبہ پیشِ نظر ہے۔
جامعہ فاروقیہ فیزIII رفاہ عام
جامعہ فاروقیہ فیزIII، رفاہ عام سوسائٹی، ملیر ہالٹ کراچی، جامعہ کی ایک بڑی شاخ کے طور پر اپنا تعارف رکھتی ہے، یہاں پر1980 سے شعبہ حفظ کام کر رہا ہے، ہر سال سینکڑوں طلبا ء یہاں پر داخلے کے لیے آتے ہیں اور قرآن کریم کے حفظ کرنے کا اعزاز حاصل کرتے ہیں۔
جامعہ کی یہ شاخ جامع مسجد رفاہ عام میں قائم ہے، طلباء کے لیے الگ رہائشی کمروں پر مشتمل ایک بلاک تعمیر کیا گیا ہے اور جامعہ کی طرف سے مقرر کردہ اساتذہ وعملے کے دیگر افراد یہاں خدمت میں مشغول ہیں، طلباء کے یہاں پر قیام وطعام کی سہولیات کا بھی انتظام موجود ہے۔
الحمدلله جامعہ فاروقیہ کراچی کی حفظ قرآن کریم کے حوالے سے ایک اہم ونمایا خدمت یہاں پر انجام دی جارہی ہیں، مقامی طلباء کی ایک بڑی تعداد الحمدلله یہاں سے حفظ قرآن کی سعادت حاصل کرچکی ہے، جامعہ کا ارادہ مستقبل قریب میں یہاں اپنی خدمات کو مزید وسعت دینے کا ہے۔اہل علاقہ جس طرح یہاں پر جامعہ سے تعاون کر رہے ہیں وہ جامعہ کے لیے باعث اطمینان ہے، الله تعالیٰ ان تمام حضرات کو جو اس اہم کام میں حصہ دار ہیں بہترین اجروثواب عطا فرمائیں۔ آمین
مفت ساری خدمات
جامعہ کے تمام شعبوں میں تعلیم کا انتظام مفت ہے اور او رجامعہ اپنے طلبا کے لیے نہ صرف مفت تعلیم کا انتظام کرتا ہے بلکہ رہائش ، طعام، لباس، روشنی ، علاج اور تعلیمی کتب وغیرہ کے انتظامات بھی طلباء کے لیے بغیر کسی عوض کے کیے جاتے ہیں۔ مزید یہ کہ ماہانہ وظائف بھی طلباء کو ان کے درجہ او رمعیار کے مطابق دیے جاتے ہیں۔